ڈومیسٹک کوچ عتیق الزمان نے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کیلئے بڑا ”پلان “ بنا لیا

قومی پیسر کو سوئنگ سے آراستہ کرنے کی کوشش کریں گے:انٹر ویو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 اکتوبر 2018 13:01

ڈومیسٹک کوچ عتیق الزمان نے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کیلئے بڑا ”پلان “ بنا لیا
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر 2018ء) سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کوچنگ کے فرائض انجام دینے والے عتیق الزمان اپنے کوچنگ سٹاف کے ساتھ فعال ہو گئے ہیں جو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کرنے والے قومی پیسر محمد عامر کو ریورس سوئنگ کے فن سے آراستہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ ہونے والے26سالہ محمد عامر نے 7اکتوبر سے سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی ) کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں سوئی سدرن گیس کے کوچ عتیق الزماں کا کہنا تھا کہ محمد عامر اپنی سوئنگ کھو چکے ہیں اور ٹیم کے ساتھ منسلک سابق قومی پیسر اور باﺅلنگ کوچ کبیرخان ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کا ردھم بحال کرنے کے لیے مربوط پلاننگ کی گئی ہے کیونکہ محمد عامر نے خود ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کا آئیڈیا دیا تھا اور اس سلسلے میں ان سے بات چیت بھی ہوئی ہے۔

عتیق الزماں کا کہنا تھا کہ وکٹوں سے محرومی کسی بھی باﺅلر کو شدید دباﺅ اور تناﺅمیں مبتلا کردیتی ہے اور یہی معاملہ اعتماد کے فقدان کے شکار محمد عامر کے ساتھ بھی ہے تاہم ڈومیسٹک کرکٹ میں ان پر زیادہ پریشر نہیں ہوگا اور وہ اعتماد کے ساتھ با ﺅ لنگ کر سکیں گے۔ سوئی سدرن گیس کے کوچ کا کہنا تھا کہ قومی پیسر پر وکٹوں کے حصول کا دباﺅنہیں ڈالا جائے گا بلکہ انہیں ہدایت کی جائے گی کہ وہ اپنی باﺅلنگ سے انجوائے کریں کیونکہ انہوں نے قائد اعظم ٹرافی میں شرکت کی خود ہی خواہش ظاہر کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے محمد عامر کو صرف فرسٹ کلاس میچز ہی کھلائے جائیں گے اور اس کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ سے آرام دے کرون ڈے میچز میں شرکت کرنے کا موقع دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی وائٹ بال کی فارم واپس لا سکیں ۔
وقت اشاعت : 02/10/2018 - 13:01:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :