جوش ہیزل ووڈ نے ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل ہی پاکستانی ٹیم کیخلا ف پروپگنڈا شروع کردیا

پاکستان اے ٹیم میں سپیشلسٹ سپنر نہ کھلا کر ڈرپوک سائیڈ کا ثبوت دیا :فاسٹ باﺅلر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 اکتوبر 2018 12:24

جوش ہیزل ووڈ نے ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل ہی پاکستانی ٹیم کیخلا ف پروپگنڈا شروع کردیا
دبئی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 اکتوبر 2018ء) کینگروز نے پاکستانی سائیڈ کو ہی ’ڈرپوک‘ قرار دے دیا۔آسٹریلیا سے واحد ٹور میچ میں پاکستان اے ٹیم میں ایک بھی فرنٹ لائن سپنر شامل نہیں تھا، جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے آسٹریلیا نے4 وکٹ پر 494 رنز بناکر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کی، نائب کپتان جوش ہیزل ووڈ نے اس مقابلے میں بغیر کسی سپیشلسٹ سپنر کے اے ٹیم کو کھلانے کے فیصلے پر انگلی اٹھا دی، وہ سمجھتے ہیں کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز سے قبل ہی میزبان خوفزدہ ہوچکے لہذا دفاعی حکمت عملی اختیار کرلی۔

جوش ہیزل ووڈ نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے خلاف ایک بھی سپیشلسٹ سپنر نہ کھلاکر پاکستان نے ایک شرمیلی یا ڈرپوک سائیڈ کا ثبوت دیا ہے، انھوں نے اس مقابلے کے لیے اپنے فرنٹ لائن سلو باﺅلرز ہم سے چھپاکر رکھے، اگر ان کی جگہ اگر کوئی اور ٹیم ہوتی تو اپنے بہترین سپنرز استعمال کرکے ہمیں 2 مرتبہ آﺅٹ کرنے کی کوشش کرتی تاکہ ٹیسٹ سیریز سے قبل ہمارے بلے بازوں کے ذہنوں میں سپن باﺅلنگ کوکھیلنے کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کے حوالے سے شکوک پیدا ہوتے۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی نائب کپتان نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میزبان نے اپنے سپن آپشن ظاہر نہ کرکے خوفزدہ ہونے کا ثبوت دیا ہے، مگر ہمیں بھی اس کی پرواہ نہیں کیونکہ ہم نیٹس میں بہت سے سپنرز کا سامنا کرچکے ہیں، ہم نے بھارت سے بھی سپنرز بلوائے، وہ تینوں ہمیں سلو کنڈیشنز کے لیے تیار ہونے میں بھرپور مدد فراہم کررہے ہیں۔ہیزل ووڈ نے مزید کہاکہ اگرچہ ہمارے بیٹسمینوں نے اس مقابلے میں زیادہ تر پیسرز کا سامنا کیا مگر وکٹ پر انھیں وقت گزارنے کا خاطر خواہ موقع میسر آیا، بڑا سکور کرنے سے ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا جو سیریز میں کام آ ئے گا۔
وقت اشاعت : 03/10/2018 - 12:24:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :