سری لنکا کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، مورگن

انگلینڈ کے خلاف سیریز جیت کر اعتماد بحال کرنے کی کوشش کریں گے، چندیمل

جمعہ 12 اکتوبر 2018 16:15

سری لنکا کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، مورگن
دمبولا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) انگلش ٹیم کے کپتان ایوان مورگن نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے مفاد سے زیادہ میرے لئے کوئی چیز اہم نہیں، آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کے وسیع مفاد میں خود ٹیم سے باہر ہونا پسند کروں گا۔

اپنے ایک بیان میں مورگن نے کہا کہ سری لنکن ٹیم ہوم گرائونڈ پر خطرناک حریف ہو گی تاہم اس کا انکی ٹیم پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ مورگن نے کہا کہ اس وقت تمام تر توجہ سری لنکا کے خلاف سیریز پر مرکوز ہے، آئی لینڈرز کو ہوم گرائونڈ پر ایڈونٹیج حاصل ہو گا اسلئے سیریز جیتنے کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کو دوسرے ون ڈے میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز جاندار انداز میں کرینگے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں فیورٹ ہونے کی وجہ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تاہم فتوحات کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔ ادھر سری لنکن قائد دنیش چندیمل نے کہا کہ ہماری ٹیم مشکل دور سے گزر رہی ہے، کوشش ہو گی کہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیت کر کھویا ہوا اعتماد بحال کریں۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ورلڈ کلاس ٹیم ہے اور اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، سیریز میں کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی حالت اس وقت انگلینڈ کی طرح ہی ہے جب وہ 2015ء میں منعقدہ ورلڈ کپ کے ابتدائی رائونڈ سے باہر ہوئی تھی، سیریز جیت کر کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
وقت اشاعت : 12/10/2018 - 16:15:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :