فاسٹ باﺅلر جنید خان نیوزی لینڈ کےخلاف ون ڈے سیریز سے باہر

پیسر کے دائیں پاﺅں کی انگلی میں انفیکشن کا انکشاف ہوا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 9 نومبر 2018 15:47

فاسٹ باﺅلر جنید خان نیوزی لینڈ کےخلاف ون ڈے سیریز سے باہر
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9نومبر2018ء) قومی ون ڈے ٹیم کے رکن فاسٹ باﺅلر جنید خان دائیں پاﺅں میں شدید تکلیف کے باعث آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانےوالے دوسرے ون ڈے میں ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے۔پیسر کے دائیں پاﺅں میں تکلیف کی شکایت کے بعد قومی کر کٹ ٹیم کے فزیو نے انکے معائنہ کے بعد بتایا ہے کہ انکے دائیں پاﺅں کی کی انگلی میں انفکشن ہوگئی ہے جس کی وجہ نہ صرف آج کا میچ نہیں کھیل پائیں گے بلکہ تیسرے ون ڈے میچ کے لئے دستیاب نہیں ہونگے۔

تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں نیو زی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، سیریز میں کیویز کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں شام 4 بجے مدمقابل ہوں گی، گرین شرٹس کو سیریز بچانے کے لیے میچ لازمی جیتنا ہوگا اور شکست کی صورت میں کیویز ٹیم ٹرافی کی حق دار ٹھہرائے گی۔

(جاری ہے)

پہلے ون ڈے میچ میں شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد اپنے ٹاپ آرڈر کی ناکامی پر خاصے مایوس نظر آئے، انھوں نے کہاکہ سیریز میں واپسی اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے اننگز کا اچھا آغاز کرنا ضروری ہے، ابتدائی اوورز میں ہی تسلسل کے ساتھ وکٹیںگنوانے کے بعد سنبھلنا مشکل ہو جاتا ہے، بعد میں آنے والے بیٹسمین محنت بھی کریں تو ہدف تک نہیں پہنچا جا سکتا، انھوں نے تسلیم کیا کہ پاکستانی بولرز نے کیویز کو دباﺅ میں لانے کے باوجود آخر میں ضرورت سے زیادہ رنز دے دیے۔

کپتان نے کہاکہ ایک وقت میں 230 رنز سے زیادہ بنتے نظر نہیں آ رہے تھے لیکن ہم وکٹیں نہیں لے سکے، سیریز میں واپسی اور ون ڈے فارمیٹ میں کارکردگی بہتر بنانے کےلئے ان غلطیوں پر قابو پانا ہوگا۔ حسن علی کی کارکردگی قابل رشک نہیں، ان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا جا سکتا ہے، آل راﺅنڈر کی موجودگی میں بیٹنگ کو بھی تقویت ملے گی، سرفراز الیون کے ممکنہ گیارہ کھلاڑیوں میں امام الحق، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی اور جنید خان شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کے لیگ سپنر ٹوڈ ایسٹل انجری کا شکار ہونے کے بعد بغیر کوئی میچ کھیلے واپس روانہ ہوگئے، جب کہ آج کے میچ کےلئے کیویز ٹیم جارج وارکر، کولن منرو،کین ولیمسن( کپتان )، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، ہینری نیکولس، کولن گرینڈ ہوم، ٹم سا ﺅتھی، اش سوڈھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ پر مشتمل ہے۔ 
وقت اشاعت : 09/11/2018 - 15:47:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :