شعیب ملک نے بطور کھلاڑی زیادہ فتوحات کا وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا

شاہد آفریدی اس فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 10 نومبر 2018 16:29

شعیب ملک نے بطور کھلاڑی زیادہ فتوحات کا وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10نومبر2018ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے بطور کھلاڑی زیادہ فتوحات کا وسیم اکر م کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کےخلاف ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں 6وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جو شعیب ملک کی بطور کھلاڑی قومی ٹیم کےلئے241ویں کامیابی تھی ۔ گرین شرٹس کےلئے بطور کھلاڑی زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کا ریکارڈ سابق آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کے پاس ہے جو 283فتوحات میں قومی ٹیم کا حصہ رہے تھے ، ایک اور سابق کپتان انضمام الحق 265فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ لیجنڈر ی فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم240کامیابیوں کا حصہ رہے ، پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ بلے باز یونس خان 212فتوحات حاصل کرنےوالی قومی ٹیم کاحصہ رہے تھے ۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلی شکست کے بعد فائٹ بیک کرتے ہوئے دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز ایک ایک سے برابر کی۔

(جاری ہے)

ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے بلے بازوں نے خامیوں پر قابو پاتے ہوئے کیوی کو باآسانی شکست دی۔بولرز کے بعد گرین شرٹس کے بیٹسمینوں نے بھی بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 210 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور فخر زمان نے 58 رنز کا اوپنگ سٹینڈ دیا تاہم امام الحق باﺅنسر لگنے کی وجہ سے زخمی ہوکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، جس کے بعد بابر اعظم اور فخرزمان نے مجموعے کو 155 تک پہنچا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 155 پر اس وقت گری جب فخر زمان 88 رنز پر فرگوسن کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے ، 1رن کے اضافے کےساتھ بابر اعظم بھی چلتے بنے، انہوں نے 46 رنز کی باری کھیلی جبکہ شعیب ملک 10 اور سرفراز احمد 13 رنز ہی بنا سکے۔ محمد حفیظ 27 اور شاداب خان 2 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے 60 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں ، سپنر سوڈھی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی، جورج وورکر اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے منرو کو پویلین واپس بھیج دیا وہ 13 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ہی کپتان کین ولیمسن کو رن آﺅٹ کرکے کیویز کی مشکلات میں اضافہ کردیا،ورکر نے راس ٹیلر کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت قائم کی تاہم محمد حفیظ نے وورکر کو 28 رنز پر بولڈ کردیا جسکے بعد ٹام لاتھم بیٹنگ کے لیے آئے اور وہ ابھی صرف ایک ہی رن بنا پائے تھے کہ شاہین شاہ آفریدی نے شاندار یارکر مارکر انہیں بولڈ کردیا۔

پانچویں وکٹ پر راس ٹیلر اور نکولس نے 75 رنز جوڑ کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر لانے کی کوشش کی تاہم حسن علی نے نکولس کو 33 کے انفرادی سکور پر بولڈ کرکے خطرے کو ٹال دیا،جبکہ آنےوالے بیٹسمین گرینڈ ہوم 3 اور ساﺅتھی 13 رنز پر چلتے بنے، سوڈھی نے 13، بولٹ اور فرگوسن نے ایک ،ایک جبکہ تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلر نے 86 رنز کی باری کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا،حسن نے 2، حفیظ اور شاداب خان نے1، 1وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 10/11/2018 - 16:29:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :