پشاور ریڈ نے 13 ویں نیشنل بینک انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ جیت لی

منگل 20 نومبر 2018 20:37

پشاور ریڈ نے 13 ویں نیشنل بینک انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ جیت لی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) پشاور ریڈ نے 13 ویں نیشنل بینک انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ جیت لی ‘گزشتہ روز پشاور کے طہماس فٹبال سٹیڈیم میں فائنل کے موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ صوبائی فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر اور سابق صوبائی وزیر سید ظاہر شاہ ‘نیشنل بینک پشاور کے ریجنل سرفراہ محمد سہیل احمد‘ آرگنائزنگ سیکرٹری راجہ عبدالباسط کمال ‘سابق ایم پی اے ڈاکٹر ذاکر شاہ ‘سابق قومی ٹیم کے کیتان گوہر زمان اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘فائنل میں ٹانک اور پشاور ریڈ کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کئے ‘ٹانک نے گول کرنے کے تین اہم مواقع گنوا دئیے جبکہ پشاور ریڈ کے گول کیپر انٹرنیشنل خالد نے بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے بھرپور دفاع کیا ‘پہلے ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا‘ٹانک کی طرف سے نویں منٹ میں مڈ فیلڈر جمیل ‘سولہویں منٹ میں عامر شاہ اور اٹھائیسویں منٹ میں محمد شعیب کو گول کرنے کے مواقع ملے ‘دوسرے ہاف کے آغاز میں پشاور ریڈ کے کپتان عتیق شینواری نے شاندار کک لگاتے ہوئے پہلا گول سکور کرکے ٹیم کو برتری دلوائی جس کے بعد پشاور ریڈ کے کھلاڑیوں نے مزید بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور ان کی طرف سے یاسر نے گول کرکے ٹیم برتری دگنی کردی جو آخری تک برقرار رہی ‘پشاور ریڈ کی طرف سے ولید وحید‘شکور ‘نصیر اور عامر شاہ نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ ٹانک کی طرف سے جمیل ‘نعمان ‘حافظ شعیب ‘طارق محمود نے بھی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ‘اکرم اللہ ‘دلاور خان اور عبدالرحمان نے میچ سپروائز کیا جبکہ سید امتیاز علی شاہ نے میچ کمشنر کے فرائض سرانجام دئیے آخر میں سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے انہوں نے اپنے خطاب میں بہترین مقابلوں کے انعقاد پر آرگنائزنگ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کھیل کے بہترین مواقع دینے کے لئے کوشاں ہیں اور صوبہ بھر کے اضلاع میں 110 گرائونڈز مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ 30 دیگر گرائونڈز پر کام جاری ہے جو جنوری تک مکمل ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کو بھرپور سہولتوں کی فراہمی کا عزم کررکھا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرزمیں انڈور جمنازیم تعمیر کئے جائیں گے ۔

وقت اشاعت : 20/11/2018 - 20:37:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :