مانو ساہنے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر ہو گئے

ساہنے ورلڈ کپ کے بعد باضابطہ طور پر ڈیو رچرڈسن کی جگہ چارج سنبھالیں گے

منگل 15 جنوری 2019 23:29

مانو ساہنے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر ہو گئے
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) سینئر میڈیا پروفیشنل مانو ساہنے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر ہو گئے، وہ آئندہ ماہ ورلڈ گورننگ باڈی کو جوائن کریں گے تاہم رواں برس شیڈول ورلڈ کپ کے بعد باضابطہ طور پر موجودہ سی ای او ڈیو رچرڈسن کی جگہ چارج سنبھالیں گے۔ منگل کو آئی سی سی بورڈ نے مانو ساہنے کی بطور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو آفیسر تقرری کی توثیق کر دی تاہم معاہدے کی مدت کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، آئی سی سی نومینیشنز کمیٹی نے رواں ہفتے لندن میں شارٹ لسٹ کئے گئے پانچ امیدواروں میں سے متفقہ طور پر مانو ساہنے کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹو آفیسر عہدے کیلئے سفارش کی تھی جس کے بعد آئی سی سی بورڈ نے باضابطہ طور پر ان کی تقرری کی توثیق کی۔

(جاری ہے)

آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر نے مانو ساہنے کی بطور آئی سی سی چیف ایگزیکٹو تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کھیل اور براڈ کاسٹنگ امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور دونوں میں ان کا کردار بھی کامیاب رہا، میں اور میرے ساتھی ڈائریکٹرز ان کے ساتھ کام کرنے کیلئے پر جوش ہیں۔ ساہنے نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے، موقع دینے پر آئی سی سی بورڈ حکام کا مشکور ہوں اور میں اپنی ذمہ داری کو دیانت داری سے نبھاتے ہوئے کرکٹ کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کروں گا۔
وقت اشاعت : 15/01/2019 - 23:29:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :