بگ بیش لیگ، سڈنی سکسرز نے چھٹی فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی، جوش فلپ اور جیمز ونس کی ناقابل شکست نصف سنچریاں، میتھیو ویڈ کی ففٹی رائیگاں

بدھ 23 جنوری 2019 18:57

بگ بیش لیگ، سڈنی سکسرز نے چھٹی فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی، جوش فلپ اور جیمز ونس کی ناقابل شکست نصف سنچریاں، میتھیو ویڈ کی ففٹی رائیگاں
میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) آٹھویں بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز نے ہوبارٹ ہریکنز کو شکست دے کر چھٹی کامیابی حاصل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی سڈنی سکسرز نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 173 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں محض ایک وکٹ پر حاصل کیا، جوش فلپ نے 86 اور جیمز ونس نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، میتھیو ویڈ کی ففٹی رائیگاں گئی، جوش فلپ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بدھ کو کھیلے گئے بی بی ایل کے 40ویں میچ میں ہوبارٹ ہریکنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، کپتان میتھیو ویڈ نے 64 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، میک ڈرموٹ 41 اور ڈی آرسی شارٹ 32 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جواب میں سڈنی سکسرز نے مطلوبہ ہدف 17.1 اوورز میں ایک وکٹ پر پورا کیا، جوش فلپ اور جیمز ونس نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 167 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، جوش فلپ 86 اور جیمز ونس 74 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

(جاری ہے)

ایک اور میچ میں میلبورن سٹارز نے ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کو 44 رنز سے ہرا دیا، میلبورن سٹارز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں پر 167 رنز بنائے، بین ڈنک 72 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، مارکس سٹوئنس 53 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19.4 اوورز میں 123 رنز پر ڈھیر ہو گئی، لی مین 40 ایلکس کیری 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، لیام پلنکٹ، سٹوئنس اور ڈیوائن براوو نے تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 23/01/2019 - 18:57:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :