دوسرا ٹیسٹ ، سری لنکن بلے باز کارونارتنے سر پر گیند لگنے سے گرگئے

اوپنر ہسپتال میں زیرعلاج ،حالت خطرے سے باہر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 فروری 2019 14:15

دوسرا ٹیسٹ ، سری لنکن بلے باز کارونارتنے سر پر گیند لگنے سے گرگئے
کینبرا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 فروری2019ء) سری لنکن ٹیسٹ بیٹسمین کرونارتنے آسٹریلوی فاسٹ باﺅلر کی گیند سر پر لگنے سے گرگئے۔کینبرا میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران سری لنکن اوپنر کارونارتنے آسٹریلوی فاسٹ باﺅلر پیٹ کمنز کا باﺅنسر لگنے سے کریز پر گرگئے۔ آسٹریلیا کے پہلی اننگز میں پانچ سو چونتیس رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں سری لنکن بیٹنگ جاری تھی اور اس وقت کارونا رتنے چھیالیس رنز پر کھیل رہے تھے جب31ویں اوور میں پیٹ کمنزکی 142 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے تیزی سے اٹھنے والی بال کو درست طریقے سے کرونارتنے جج کرنے میں ناکام رہے اور گیند ان کے کندھے سے ٹکرا کر سرکے پچھلے حصے پر آلگی،گیند سر پر لگنے سے اوپنر بلے باز کے ہاتھ سے بیٹ چھوٹ گیا اور وہ چکرا کر زمین پر آگرے، ساتھی کھلاڑی اور امپائر فوری طورپر ان کے پاس پہنچے اور ان کے اشارے پر سٹریچر منگواکر انہیں مقامی ہسپتال لے جایا گیاجہاں اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

کارونارتنے دور ہ آسٹریلیا کے دوران زخمی ہونے والے پانچویں سری لنکن کھلاڑی ہیں ، ان سے قبل 4فاسٹ باﺅلر بھی انجری کا شکار ہوچکے ہیں ،کارونارتنے نے لاہیر تھریمانے کے ساتھ ملکر پہلی وکٹ کے لیے 82رنز جوڑے تھے جو کسی بھی سر ی لنکن اوپننگ جوڑی کی جانب سے آسٹریلیوی سرزمین پر دوسری بہترین کاوش ہے ۔

وقت اشاعت : 02/02/2019 - 14:15:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :