آسٹریلیا کے انکار سے مایوس پی سی بی کی کشتی کو انگلش بورڈ کا سہارا مل گیا

کسی ٹیم کو اس وقت تک پاکستان نہیں بلائیں گے جب تک اس کی سکیورٹی کے انتظامات یقینی نہ بنا لیں:احسان مانی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 فروری 2019 20:32

آسٹریلیا کے انکار سے مایوس پی سی بی کی کشتی کو انگلش بورڈ کا سہارا مل گیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 فروری 2019ء) کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان میں ون ڈے میچز سے کھیلنے سے انکار کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئر مین احسان مانی نے انکشاف کیا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈمستقبل قریب میں اپنی ٹیم پاکستان بھیج سکتا ہے ۔ انگلش ٹیم نے2022ءمیں پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنی ہے اور پی سی بی نیوٹرل وینیو کی بجائے پاکستان میں یہ سیریز کروانے کے لیے پرعزم ہے،اگر پی سی بی کی جانب سے انگلش کرکٹ بورڈ کو منانے کی کوشش کامیاب رہی تو یہ برطانوی ٹیم کا2005ءکے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

اپنے ایک انٹر ویوکے دوران احسان مانی کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ اس ضمن میں مزید بات چیت کرے گالیکن انہیںایک لمبے پروسیس سے گزرنا ہے،جب ہم انگلینڈ کے خلاف اپنی سیریز کھیلیں گے اس وقت تک انگلش کرکٹ بورڈ کے پاس صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بہت وقت ہوگا،وہ کسی طور پر انٹر نیشنل ٹیم کو پاکستان نہیں بلائیں گے جب تک ان کا آنا مکمل طور پر محفوظ نہ ہو۔

(جاری ہے)

احسان مانی کی فروری کے آخر میں انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئر مین کولن گریوز کے ساتھ میٹنگ شیڈول ہے ،رپورٹس کے مطابق اس میٹنگ کا مقصددورے کی دعوت دینے کی بجائے دورے کے بارے میں بات چیت کی راہیں کھولنا ہیں۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ اس دورے کے حوالے سے اپنا نتیجہ خود نکالے گا،ہم انہیں دورے کا دعوت نامہ بھیجنے سے قبل ان سے اس دورے کے حوالے سے کسی بھی قسم کے خدشات لاحق ہونے کی صورت میں بات کریں گے اور دیکھیں گے کہ ہم ان خدشات کو کیسے ختم کرسکتے ہیں ،اس دورے کے لیے سب کو مکمل طور پر راضی ہونا ہوگا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ بات چیت میں ناکامی کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں اگلے ایک سال میں پاکستان کا دورہ کریں گی جس سے ملک میں مکمل طور پر انٹر نیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی۔احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں لوگوں کے خیالات کو بدلنا ہوگا،لوگوں کو خود یہ دیکھنا ہوگا کہ اصل حقیقت کیا ہے اور ظاہر ہے کہ سکیورٹی کا تعین بھی کیا جانا چاہیئے،یہ سب کچھ ایک رات میں نہیں ہوتا ہے لیکن ہم مختلف کرکٹ بورڈز کے ساتھ مل کر اپنا پیغام دنیا بھر میں پہچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باعث 100ملین ڈالرز کے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے جس میں ٹکٹ کی مد میں آمدنی اور اشتہارات شامل ہیں،اس کے علاوہ اسے اپنے ہوم میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کی لاگت پر غور کرنا ہوگا ، فی الوقت پاکستان کرکٹ بورڈ کومتحدہ عرب امارات میں میچز کھیلنے کے لیے فی دن50ہزار ڈالرز دینا پڑتے ہیں۔
وقت اشاعت : 11/02/2019 - 20:32:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :