قومی ٹیم نے روور کلب کو ایک دوستانہ فٹ بال میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 4-0 گول سے ہرا دیا

منگل 28 مئی 2019 12:56

قومی ٹیم نے روور کلب کو ایک دوستانہ فٹ بال میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 4-0 گول سے ہرا دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2019ء) قومی ٹیم نے روور کلب کو ایک دوستانہ فٹ بال میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 4-0 گول سے ہرا دیا۔ جناح سٹیڈیم میں گذشتہ رات برقی قمقموں میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کو روور کے خلاف پہلے ہاف کے اختتام پر 2-0 گول کی برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں قومی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے مزید دو گول کرکے مقابلہ 4-0 گول سے جیت لیا۔

قومی ٹیم کی طرف سے افتخار علی نے دو جبکہ شیر علی اور سعاداللہ نے ایک ، ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ روور کلب کے کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کے خلاف مارجن کم کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے ۔ ریفری کے فرائض چمن خان جبکہ اسسٹنٹ ریفریز کے فیضان اور محمد وقاص نے انجام دیئے۔

(جاری ہے)

اس موقع اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر محمد زمان اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق سیکرٹری اطلاعات و ماڈل ٹاؤن فٹ بال کلب کے صدر رانا تنویر احمد کے علاوہ کھلاڑیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

واضع رہے کہ قومی فٹ بال ٹیم کا عالمی کپ کوالیفائنگ رائونڈ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں ملک بھر سے 30 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ان کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ طارق لطفی کی سربراہی میں کوچز سید ناصر اسماعیل (نیشنل بینک آف پاکستان)، عمرفاروق (خان ریسرچ لیبارٹریز )، محمد رمضان (پاکستان نیوی) جدید اور اعلی تربیت دے رہے ہیں جبکہ فزیو کے فرائض محمد شاہد انجام دے رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 28/05/2019 - 12:56:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :