انٹرنیشنل آرچری ٹورنامنٹس کیلئے قومی مرد اور خواتین ٹیموں کے چناؤ کے سلسلہ میں اوپن ٹرائلز 31 جولائی کو اسلام آباد میں ہونگے

ٹیموں کے کھلاڑیوں کے انتجاب کے بعد ان کو تربیتی کیمپ میں شامل کرکے جدید اور اعلی تربیت دی جائے گی، وصال محمد خان کی گفتگو

منگل 23 جولائی 2019 16:23

انٹرنیشنل آرچری ٹورنامنٹس کیلئے قومی مرد اور خواتین ٹیموں کے چناؤ کے سلسلہ میں اوپن ٹرائلز 31 جولائی کو اسلام آباد میں ہونگے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) پاکستان آرچری فیڈریشن کے زیراہتمام انٹرنیشنل آرچری ٹورنامنٹس کے لئے قومی مرد اور خواتین ٹیموں کے چناؤ کے سلسلہ میں ایک روزہ اوپن ٹرائلز 31 جولائی کو صبح 8 بجے سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے آرچری سنٹر میں ہونگے۔ ٹرائلز کا افتتاح وفاقی سیکرٹری وزرات بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی کریں گے، پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان نے بتایاکہ ٹرائلز کی تیاریاں زور و شور سے ہیں اور اوپن ٹرائلز میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرائلز کے لئے تین رکنی سلیکشن کمیٹی مقرر کردی گئی ہے کرنل صدف اکرم کمیٹی کے چیئرمین ہونگے جبکہ دیگر ممبران میں پاکستان واپڈا کے محمد رازق گل اور اسلام آباد کے ایڈوکیٹ امتیاز احمد خان شامل ہیں، وصال محمد خان نے بتایاکہ تمام صوبائی اور ریجنل ایسوسی ایشنز کے علاوہ تمام فیڈریشن کے ساتھ منسلک اداروں پاکستان آرمی، پاکستان ائیرفورس، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس اور پاکستان ریلوے کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں کہ وہ اپنے اپنے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے لئے بھیجیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرد اور خواتین ٹیموں کے لئے چناؤ میرٹ کی بنیاد پر کیا جائیگا اور منتخب کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیموں کے کھلاڑیوں کے انتجاب کے بعد ان کو تربیتی کیمپ میں شامل کرکے جدید اور اعلی تربیت دی جائے گی۔
وقت اشاعت : 23/07/2019 - 16:23:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :