مایہ ناز فٹبالرز اوزل اور سیئڈ کولیسنیئیک سے مسلح افراد کی گاڑی چھیننے کی ناکام کوشش

کولیسنیئیک نے چھریوں سے لیس دو حملہ آوروں کا مقابلہ کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 جولائی 2019 14:47

مایہ ناز فٹبالرز اوزل اور سیئڈ کولیسنیئیک سے مسلح افراد کی گاڑی چھیننے کی ناکام کوشش
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26جولائی2019ء) انگلش پریمئر لیگ کے دو معروف فٹبالرز کو لندن میں کاریں چوری کرنے والے ایک گینگ نے لوٹنے کی کوشش کی تاہم اس واقعے میں دونوں کھلاڑی بچ گئے،یہ واقعے لندن کی گلی پلیٹس لین میں تقریباً پانچ بجے پیش آیا۔برطانوی فٹبال کلب آرسنل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان ٹیم کے دو اہم رکن، ترک نژاد جرمن کھلاڑی میسوت اوزل اور بوسنیا ہرزیگوینا کے سیئڈ کولیسنیئیک کو نشانہ بنایا گیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کولیسنیئیک نے چوروں کا مقابلہ کیا اور بظاہر وہ ان کا پیچھا کرنے لگے،ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فل بیک پوزیشن پر کھیلنے والے کولیسنیئیک دو حملہ آوروں کا مقابلے کر رہے ہیں جن کے پاس چھریاں بطور ہتھیار تھیں،کھلاڑیوں کی گاڑی کے قریب دو افراد اپنے چہرے چھپائے موٹر سائیکلوں پر آئے تو کولیسنیئیک گاڑی سے اترے اور ان کا مقابلہ کرنے لگے۔

(جاری ہے)

میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انھیں اطلاع دی گئی کہ موٹر سائیکل سوار مشکوک افراد نے ایک شخص کو لوٹنے کی کوشش کی تھی،گاڑی کے ڈرائیور اور ان کےساتھ سوار مسافر دونوں اس واقعے میں بچ گئے اور بعد میں گولڈرز گرین کے علاقے میں ایک ریسٹورانٹ میں ان کی پولیس سے بات ہوئی۔اب تک اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔آرسنل کلب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم دونوں کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور وہ دونوں ٹھیک ہیں‘۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب لندن کی سڑکوں پر فٹبالرز کو نشانہ بنایا گیا ہو، 2016ءمیں ویسٹ ہیم کے سٹرائیکر اینڈی کیرل کو ٹرینگ سے گھر واپسی پر پستول کی نوک پر دھمکایا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 26/07/2019 - 14:47:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :