ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، ویسٹ انڈین ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر آئوٹ، بھارت نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 185 رنز بنا کر مجموعی طور پر 260 رنز کی برتری حاصل کر لی، کوہلی اور راہانے کی ناقابل شکست نصف سنچریاں

اتوار 25 اگست 2019 15:35

جمیکا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2019ء) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ویسٹ انڈین ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، بھارتی ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنا کر مجموعی طور پر 260 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 104 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، راہانے 53 اور کوہلی 51 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

نارتھ سائونڈ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 189 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم گزشتہ دن کی اننگز میں 33 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 222 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان جیسن ہولڈر 39، کیمر روچ اور میگل کمنز بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، شینن گبرائل 2 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ایشانت شرما نے 5، محمد شامی اور جدیجا نے 2، 2 اور بمرا نے 1 وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں بھارتی ٹیم نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنا کر 260 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی تھی، لوکیش راہول 38، میانک اگروال 16 اور چیتشور پوجارا 25 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، راہانے 53 اور کوہلی 51 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔ روسٹن چیس نے 2 اور کیمر روچ نے 1 وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 25/08/2019 - 15:35:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :