چٹاگانگ ٹیسٹ، بنگلہ دیش پر شکست کے بادل منڈلانے لگے، 398 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی136 رنز پر 6 وکٹیں گر گئیں

اتوار 8 ستمبر 2019 16:30

چٹاگانگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2019ء) بنگلہ دیش اور افغانستان کے مابین جاری واحد ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز میزبان ٹیم بنگلہ دیش 398 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 136 رنز 6 وکٹیں گنوا کر شکست کے خطرے سے دوچار ہوگئی، شکیب الحسن 39 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، راشد خان نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، اس سے قبل افغان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 260 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔

(جاری ہے)

اتوار کو ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم، چٹاگانگ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز افغانستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 260 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، پہلی اننگز میں 137 رنز کی برتری کی بدولت افغانستان نے میزبان ٹیم کو 398 رنز کا ہدف دیا، بنگلہ دیش کو پہلا نقصان 30 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب لٹن داس 9 رنز بناکر ظاہر خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، 52 رنز پر بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب مصدق حسین 12 رنز بنانے کے بعد ظاہرہ خان کا نشانہ بن گئے، مشفق الرحیم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 23 رنز بنانے کے بعد راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، مومن الحق 3 رنز بناکر راشد خان جبکہ شادمان اسلام 41 رنز بناکر محمد نبی کا شکار بنے، چوتھے روز کا کھیل خراب موسم کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا، بنگلہ دیش نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا لئے اور اسے جیت کیلئے 262 رنز درکار ہیں، شکیب الحسن 39 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، راشد خان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 08/09/2019 - 16:30:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :