اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے خیبرپختونخوا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

فاتح ٹیم کی جانب سے سیف بدر نے ناقابل شکست 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہاب ریاض کی میچ میں 3 وکٹیں اور 42 رنز کی برق رفتار اننگز نے جیت میں اہم کردار ادا کیاسدرن پنجاب نے 155رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا

بدھ 16 اکتوبر 2019 21:55

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے خیبرپختونخوا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2019ء) اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے خیبرپختونخوا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے سیف بدر نے ناقابل شکست 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہاب ریاض کی میچ میں 3 وکٹیں اور 42 رنز کی برق رفتار اننگز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سدرن پنجاب نے 155رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ وہاب ریاض کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے خیبرپختونخوا کی اننگز کا آغاز متاثرکن نہ رہا اور 51 رنز پر 4کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد کپتان محمد رضوان نے جارحانہ مزاج بلے باز خوشدل شاہ کے ہمراہ 83 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 154 تک پہنچانے میں مدد دی۔

(جاری ہے)

محمد رضوان 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے 32 گیندوں پر ناقابل شکست 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے وہاب ریاض نے 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ درازقد محمد عرفان اور عامر یامین نے 1،1 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں سدرن کی جانب سے بھی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ تھا اور محض 51 رنز پر اس کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔

جس کے بعد سیف بدر اور عامر یامین نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کے درمیان 55 رنز کی شراکت نے سدرن پنجاب کی میچ میں پوزیشن مستحکم کردی۔ سیف بدر نے ناقابل شکست 49 رنز بنائے تاہم وہاب ریاض نے اختتامی لمحات میں 17 گیندوں پر برق رفتار 42 رنز بنا کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ وہاب ریاض کی جارحانہ اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ سدرن پنجاب نے مطلوبہ ہدف 9 گیندوں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے اسپنر محمد محسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
وقت اشاعت : 16/10/2019 - 21:55:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :