دورہ آسٹریلیا: ناتجربہ کار فاسٹ باﺅلنگ کی سلیکشن پر شاہد آفریدی کی تنقید

ہمارے پاس انگلش کنڈیشنز والے فاسٹ باﺅلرز ہیں لیکن تیز گیند کرنے والے باﺅلرز نہیں :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 نومبر 2019 17:35

دورہ آسٹریلیا: ناتجربہ کار فاسٹ باﺅلنگ کی سلیکشن پر شاہد آفریدی کی تنقید
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2نومبر2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے دورہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچوں کے لیے منتخب کی گئی ٹیم کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم سلیکشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔گوجرانوالہ میں ایک تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے ٹیم کے لیے منتخب فاسٹ باﺅلرز کے سلسلے میں تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دو ٹیسٹ میچوں میں 40کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرنا ہے لیکن ہمارے پاس تجربہ کار اور تیز گیند کرنے والے باﺅلرز نہیں ہیں۔انہوں نے سکواڈ میں شامل فاسٹ باﺅلرز عمران خان جونیئر اور محمد عباس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس انگلش کنڈیشنز والے فاسٹ باﺅلرز ہیں لیکن تیز گیند کرنے والے باﺅلرز نہیں ہیں جن کی ہمیں آسٹریلیا میں ضرورت ہو گی۔

(جاری ہے)

ایسا لگتا ہے کہ شاہد آفریدی نے پورے سکواڈ کا صحیح سے جائزہ نہیں لیا کیونکہ ان کی یہ بات تو درست ہے کہ ہماری باﺅلنگ ناتجربہ کار ہے لیکن ٹیم میں شامل نوجوان فاسٹ باﺅلرز نسیم شاہ اور موسیٰ خان دونوں ہی 90میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنےکی صلاحیت رکھتے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ نئے لڑکوں کو موقع دینا اچھی بات ہے لیکن ہم آسٹریلیا محض رسمی کارروائی پوری کرنے یا نوجوانوں کو موقع دینے کےلئے تو نہیں جا رہے، ہم غیرملکی دوروں پر جیتنے کے لیے جاتے ہیں۔شاہد آفریدی نے کہا کہ دورے کے دوران بابر اعظم پر بہت دباﺅہو گا اور اللہ کرے کو وہ اپنی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں۔
وقت اشاعت : 02/11/2019 - 17:35:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :