سپورٹس ڈیسک

ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں 30 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، کیرون پولارڈ آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

جمعرات 14 نومبر 2019 23:35

لکھنؤ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 30 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، ویسٹ انڈین بائولرز کے سامنے افغانی ٹیم بے بس نظر آئی اور 165 رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس کے سات کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، ایون لیویز نے 68 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، کیرون پولارڈ نے ناقابل شکست 32 رنز کے ساتھ بائولنگ میں دو وکٹیں لیں اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

عمدہ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ جمعرات کو لکھنئو میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں افغانی ٹیم کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بناکر افغانی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 165 رنز کا ہدف دیا۔

ایون لیویز نے دھواں دار اننگز کھیلی اور 41 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے، مایہ ناز آل رائونڈر کیرون پولارڈ نے ناقابل شکست 32 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ افغانستان کی طرف سے گلبدین نائب نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں ویسٹ انڈین بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت افغانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 134 رنز بناسکی، اس کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، نجیب اللہ نے 27، اصغر افغان نے 25 رنز بنائے، فرید احمد نے ناقابل شکست 24 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے کیسرک ولیمز نے تین جبکہ کیرون پولارڈ نے بیٹنگ کے بعد بائولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
وقت اشاعت : 14/11/2019 - 23:35:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :