ویسٹ انڈین آل راؤنڈر جیسن ہولڈر آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچز میں آرام کی غرض سے شرکت نہیں کریں گے

پیر 6 جنوری 2020 17:16

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر جیسن ہولڈر آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچز میں آرام کی غرض سے شرکت نہیں کریں گے
جمیکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2020ء) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر جیسن ہولڈر آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچز میں آرام کی غرض سے شرکت نہیں کریں گے۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کے سلیکٹر راجر ہارپر نے بتایا کہ جیسن ہولڈر کو گزشتہ سال کام کے بوجھ کے باعث آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ آئندہ آنے والی سیریز میں شرکت کیلئے تازہ دم ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسن ہولڈر ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین آل راؤنڈر کھلاڑی اور وائٹ بال فارمٹ کے حوالے سے ہماری ٹیم کے اہم رکن ہیں ، ہمیں توقع ہے کہ وہ 2020ء کے دوران ٹیسٹ ٹیم کی کپتان کی حیثیت سے اپنی کارکردگی کا لوہا منوا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم انتہائی مثبت کھیل پیش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز اور بھارت کے خلاف انتہائی مسابقتی کارکردگی اس کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز ہمارے لئے اچھی کارکردگی پیش کرنے کا موقع ہے۔ واضح رہے کہ ون ڈے سیریز 7 جنوری سے باربا ڈوس میں شروع ہو رہی ہے ۔ اس میں شرکت کیلئے کیرون پولارڈ ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ سکواڈ میں سنیل امبریس ، روسٹن چیسی، شیلڈن کوٹریل ، شمرون ہیٹمائر، شائی ہوپ، الزاری جوزف، برینڈن کنگ، ایوین لیوس، کیمو پاؤل، خیری پیری، نکولس پورن، روماریو شیفرڈ، ہیڈن والش جونیئر شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 06/01/2020 - 17:16:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :