جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا رواں سال مارچ کے آخر میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے کا امکان

سیکیورٹی کا جائزہ لینے جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا سیکیورٹی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا

Ahmad Tariq احمد طارق جمعرات 30 جنوری 2020 22:28

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا رواں سال مارچ کے آخر میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے کا امکان
جوہانسبرگ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جنوری 2020ء) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کا امکان۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم رواں سال مارچ کے آخر میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ سیریز کے سلسلے میں سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ اپنا سیکیورٹی وفد بنگلہ دیش کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران یا پھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے دوران پاکستان بھیجے گا۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر سیکیورٹی وفد پاکستان میں سیکیورٹی کو مطمئن قرار دیتا ہے تو جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم سال 2021 میں پاکستان کا مکمل دورہ کرسکتی ہے، جس میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز سمیت ٹیسٹ سیریز بھی شامل ہوگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان بھی دعویٰ کرچکے ہیں کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس حوالے سے کرکٹ شائقین بھی خوش نظر آتے ہیں۔ خیال رہے کہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ختم ہوگئی تھی، تاہم اس حادثے کے بعد سے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی کوششیں تیز کردی تھیں۔ اس حوالے سے زمبابوے کرکٹ ٹیم، سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جبکہ پاکستان سپر لیگ کے کچھ میچز بھی پاکستان میں منعقد کروائے گئے، تاہم اب جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کیلئے مارچ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔
وقت اشاعت : 30/01/2020 - 22:28:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :