سی این ایس انٹرنینشل اسکواش چیمپیئن شپ ملائیشیا کے ایوان یووین نے جیت لیا

اتوار 9 فروری 2020 00:03

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2020ء) 14 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف(سی این ایس) انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس، کراچی میں منعقد ہوئی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق مصر، فرانس، ہانگ کانگ، کویت اور ملائشیا سے تعلق رکھنے والے 14غیر ملکی کھلاڑیوں اور10 قومی کھلاڑیوں نے ایک ہفتے پر محیط مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ، وائس ایڈمرل آصف خالق نے چیمپئین شپ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر کموڈور حبیب الرحمٰن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو پاک بحریہ کی اسکواش سے طویل وابستگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحریہ اپنی میراث کو زندہ رکھنے کے لئے پچھلی دو دہائیوں سے اسکواش چیمپئن شپ کا انعقادکر رہی ہے جو کہ پاک بحریہ کے کھیلوں کے فروغ کے لئے بالعموم اور بالخصوص اسکواش کے فروغ کے لئے عزم کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر نے مہمان خصوصی، پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن، پاکستان اسکواش فیڈریشن اور تمام اسپانسرز اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں مہمان خصوصی،کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق نے چیمپئن شپ کے فاتح اور رنر اپ کو انعامات دیئے۔مہمان خصوصی نے ان کی محنت اور قابل قدر کا میابی پر انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ پاکستان کے طیب اسلم ا ور ملائیشیا کے ایوان یووین کے مابین کھیلا گیا۔

سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایوان یووین نے میچ جیت کر14 دیں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے فاتح کا اعزاز حاصل کیا۔ اختتامی تقریب میں سول اور فوجی معززین، سپانسرز اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والے سینئر کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وقت اشاعت : 09/02/2020 - 00:03:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :