حکومت کی طرف سے خصوصی کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں

قومی بیڈ منٹن چیمپئن ذیشان گوہر کی ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو

پیر 24 فروری 2020 17:46

حکومت کی طرف سے خصوصی کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) پیرا اولمپکس 2019ء میں پاکستان کی نمائندگی کر کے کانسی کا میڈل حاصل کرنے والے اور 10 برسوں سے بیڈ منٹن کے قومی چیمپئن ذیشان گوہر نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے خصوصی کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے ذیشان گوہر نے بتایا کہ دیگر کھلاڑیوں کو دیکھ کر اس کھیل کی جانب راغب ہوا اور اپنی صلاحیتیوں کی بنیاد پر جلد ہی قومی چیمئپن بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومتی سطح پر کوئی سرپرستی یا امداد حاصل نہیں۔ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریننگ حاصل کی البتہ گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے پیرا ورلڈ اولمپکس میں انہیں پاکستان سپورٹس بورڈ نے بھیجا اور وہ پاکستان کے واحد کھلاڑی رہے جنہوں نے بیڈمنٹن کے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، اس ایونٹ میں دنیا بھر میں درجنوں ممالک کے کھلاڑی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ذیشان گوہر نے کہاکہ عوام نے ہمیشہ حوصلہ فزائی کی جس سے دلی خوشی ہوتی ہے اور مزید صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس ہمیں ٹریننگ تو دے رہا ہے اور آئندہ چند ماہ میں دبئی میں ہونے والے عالمی مقابلوں میں وہ پاکستان کی ایک بار پھر بھرپور نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کہ انہیں سرکاری ملازمت دی جائے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔
وقت اشاعت : 24/02/2020 - 17:46:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :