سابق بنگلہ دیشی اوپنر جاوید عمر بدعنوانی کے نرغے میں آگئے

مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس میں اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے :ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 23 اپریل 2020 16:30

سابق بنگلہ دیشی اوپنر جاوید عمر بدعنوانی کے نرغے میں آگئے
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23اپریل 2020ء ) سابق بنگلہ دیشی اوپننگ بیٹسمین جاوید عمر بیلم بھی بدعنوانی کے نرغے میں آگئے جو مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس میں اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے جس کی بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے بھی تصدیق کردی ہے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے 40 ٹیسٹ اور 59 ون ڈے میچز کھیلنے والے 43 سالہ جاوید عمر کو بنگلہ دیشی ویمنز ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا تھا جنہوں نے کئی سیریز میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے علاوہ رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی فرائض کی ادائیگی کی تھی جہاں انہوں نے ٹیم سے متعلق اہم معلومات بیرونی عناصر کو فراہم کی تھیں۔

مذکورہ ٹورنامنٹ میں ان کی منفی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد گورننگ باڈی نے بی سی بی حکام سے درخواست کی تھی کہ انہیں آئندہ آئی سی سی ایونٹس کے دوران کوئی ذمہ داری نہ دی جائے ۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ایک آفیشل نے اس بارے میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے تصدیق کی کہ آئی سی سی کی جانب سے انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ جاوید عمر کو مستقبل میں گلوبل ایونٹس کیلئے بنگلہ دیشی ٹیم کا حصہ نہ بنایا جائے ۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی آفیشلز نے جاوید عمر کی منفی حرکات پر کڑی نظر رکھی ہوئی تھی اور ان کیخلاف ٹھوس شواہد کے حصول کے بعد بی سی بی سے کہا گیا تھا کہ انہیں نکال باہر کیا جائے ۔واضح رہے کہ حالیہ عرصے کے دوران آل راؤنڈر شکیب الحسن کے بعد وہ دوسرے بنگلہ دیشی کرکٹر ہیں جن کیخلاف آئی سی سی نے بروقت اقدام کر کے انہیں ذمہ داریوں سے محروم کردیا ہے ۔
وقت اشاعت : 23/04/2020 - 16:30:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :