شعیب ملک سپن باؤلنگ کو سٹیو سمتھ سے بہتر کھیلتے ہیں :یزویندرچاہل

سٹیو سمتھ ،ویرات کوہلی ،روہت شرما اور ولیم سن بھی اچھا کھیلتے ہیں : بھارتی لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 4 مئی 2020 13:18

شعیب ملک سپن باؤلنگ کو سٹیو سمتھ سے بہتر کھیلتے ہیں :یزویندرچاہل
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4مئی 2020ء ) بھارتی لیگ سپنر یزویندر چاہل نے پاکستانی بیٹسمین شعیب ملک کے متعلق ناقابل یقین دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آسٹریلین بیٹسمین سٹیوسمتھ کے مقابلے میں سپن باؤلنگ کو زیادہ بہتر انداز سے کھیل سکتے ہیں۔سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر لائیو سیشن میں یزویندر چاہل کا کہنا تھا کہ شعیب ملک سپن باؤلنگ کو سمتھ سے زیادہ بہتر کھیلتے ہیں جب کہ ویرات کوہلی،روہت شرما اور کین ولیمسن بھی سپن باؤلنگ کیخلاف عمدہ بیٹسمین ہیں۔

بھارتی سپنر کا کہنا تھا کہ ایشیاء کپ 2018ء میں شعیب ملک کو باؤلنگ کرنے پر وہ اس بات پر متاثر ہوئے کہ پاکستانی بیٹسمین نے ان کی اچھی گیندوں پر آسانی سے سنگل بنائے جس پر انہیں یقین کرنا پڑا کہ انہیں سپن باؤلنگ کا کافی تجربہ ہے اور وہ سابق آسٹریلوی کپتان سٹیوسمتھ سے کہیں بہتر ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 38 سالہ شعیب ملک نے 14 اکتبور 1999ء میں ون ڈے کرکٹ کا آغاز کیا، دائیں ہاتھ کے بلے باز نے 19 سالہ ون ڈے کیرئیر میں 287 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 34.55 کی اوسط سے 7 ہزار 534 رنز بنائے اور 158 وکٹیں حاصل کیں۔

شعیب ملک نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیرئیر میں 9 سنچریاں اور 44 نصف سنچریاں بنائیں، ان کا سب سے زیادہ سکور 143 رنز تھا۔ سابق کپتان نے اپنا آخری ون ڈے ورلڈ کپ 2019ء میں بھارت کے خلاف کھیلا جس میں وہ کوئی رنز بنائے بغیر آؤٹ ہو گئے تھے۔
وقت اشاعت : 04/05/2020 - 13:18:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :