مشوروں سے تنگ آکر یونس خان نے میری گردن پر چھری رکھ دی تھی: گرانٹ فلاور

واقعہ 2016ء میں برسبین ٹیسٹ کے دوران پیش آیا، قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ کا انٹرویو میں انکشاف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 2 جولائی 2020 19:41

مشوروں سے تنگ آکر یونس خان نے میری گردن پر چھری رکھ دی تھی: گرانٹ فلاور
ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2جولائی 2020ء ) سابق پاکستانی بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے پانچ سال کوچنگ کے مزے اڑانے کے بعد قومی کرکٹر پر ہرزہ سرائی شروع کردی۔ سابق زمبابوین کرکٹر اور پاکستانی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے سابق کپتان یونس خان پر گردن پر چھری رکھنے کا الزام لگادیا۔ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ 2016ء میں دورہ آسٹریلیا میں سیریز کے دوران یونس خان کو ٹپس دے رہا تھا کہ اس دوران وہ آپے سے باہر ہوگئے اور میری گردن پر چھری رکھ دی۔

سابق بیٹنگ کوچ کا کہنا تھا کہ یونس خان کی اس حرکت پر اس وقت کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بیچ بچاؤ کرایا تھا۔ گرانٹ فلاور ان دنوں سری لنکا کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے اپنے بھائی اینڈی فلاور اور میزبان نیل مانتھورپ کے ساتھ گفتگو کے دوران یونس خان پر یہ الزام لگایا۔

(جاری ہے)

فلاور نے بتایا کہ ناشتے کے وقت میں یونس کو بیٹنگ ٹپس دینے گیا تو اس نے میرے مشورے پر عمل نہیں کیا اور میرے گلے پر چھری رکھ دی ،اس موقع پر مکی آرتھر بیٹھے ہوئے انہیں مداخلت کرنا پڑی۔

یاد رہے کہ اس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں یونس خان صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے اور دوسری اننگز میں انہوں نے 65 رنز بنائے تھے۔واضح رہے کہ 49 سالہ گرانٹ فلاور نے 2014ء سے 2019ء کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دئیے تھے۔
وقت اشاعت : 02/07/2020 - 19:41:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :