قومی ٹیم کے کھلاڑی ایشین والی بال کپ کی تیاری کے لئے تربیتی کیمپ کے منتظر

جمعرات 9 جولائی 2020 15:32

قومی ٹیم کے کھلاڑی ایشین والی بال کپ کی تیاری کے لئے تربیتی کیمپ کے منتظر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) پاکستان والی بال فیڈریشن کی 7 واں ایشین والی بال کپ کی تیاری کے حوالے سے قومی والی بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لگانے کی پاکستان سپورٹس بورڈ کو سفارش، اور کھلاڑی تربیتی کیمپ کے لئے منتظر ہیں۔ گذشتہ روز پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7واں ایشین والی بال کپ 30 اگست سے 6 ستمبر تک تھائی لینڈ یا ویت نام میں کھیلا جائے گا اور جگہ کا انتخاب چند روز بعد فائنل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں ایشیائی سطح کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ لگانے کے حوالے سے پاکستان سپورٹس بورڈ کو خط لکھ دیا گیا ہے اور ان کی طرف سے ابھی تک جواب کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم 15 جولائی سے تربیتی کیمپ لگانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس میں چار کوچز اور 20 کھلاڑی شامل ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ خط میں تربیتی کیمپ اسلام آباد یا پشاور میں لگانے کا کہا گیا ہے اور اس کے تمام اخراجات پاکستان سپورٹس بورڈ کو برداشت کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان والی بال فیڈریشن ایران میں کھیلی جانے والی ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے قومی انڈر۔20 ٹیم کے کھلاڑیوں کا بھی تربیتی کیمپ لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے جس کی حتمی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد اس سلسلہ میں پاکستان سپورٹس بورڈ کو آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان والی بال فیڈریشن نے گذشتہ برس 2019ء میں میانمار میں کھیلی گئی ایشین انڈر۔23 والی بال ٹورنامنٹ اور ایران تہران میں کھیلی گئی ایشین سنیئر والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ہوائی ٹکٹوں کی رقوم ابھی ٹریول ایجنٹ کو ادا نہیں کی اور مقروض ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری یعقوب نے کہا کہ ملک میں والی بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن وسائل کی کمی ہے، دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور اس لئے حکومتی مالی معاونت بہت ضروری ہوتی ہے۔
وقت اشاعت : 09/07/2020 - 15:32:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :