سپورٹس ڈیسک

سائوتھمپٹن ٹیسٹ، ویسٹ انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 318 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ، انگلینڈ نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان پر 15 رنز بنالئے تھے اور اسکو کالی آندھی کی اننگز کی برتری کو ختم کرنے کے لئے مزید 99 رنز کی ضرورت تھی، کریگ براتھویٹ اور وکٹ کیپر بلے باز شین ڈائورچ کی نصف سنچریاں، انگلینڈ ٹیم کپتان بین سٹوکس نے چار اور جمیز اینڈرسن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا

جمعہ 10 جولائی 2020 23:50

سائوتھمپٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 318 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اسکو انگلینڈ کے خلاف 114 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی، انگلینڈ کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان پر 15 رنز بنالئے تھے اور اسکو کالی آندھی کی اننگز کی برتری کو ختم کرنے کے لئے مزید 99 رنز کی ضرورت تھی، کریگ براتھویٹ اور وکٹ کیپر بلے باز شین ڈائورچ کی نصف سنچریاں، کریگ براتھویٹ 65، وکٹ کیپر بلے باز شین ڈائورچ 61 اور روسٹن چیس 47 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، انگلینڈ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین سٹوکس نے چار جبکہ جمیز اینڈرسن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

انگلینڈ کے رورے برنز 10 اور ڈومینک سیبلے 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو میچ کے تیسرے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 57 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کریگ براتھویٹ 20 اور شائی ہوپ 3 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے، شائی ہوپ اپنے گزشتہ روز کے سکور میں 13 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 16 رنز بناکر ڈومینک بیس کی گیند پر بین سٹوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اس موقع پر کریگ براتھویٹ کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 65 رنز بناکر بین سٹوکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، شمار بروکس 39 رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، جرمین بلیک ووڈ 12 رنز بناکر ڈومینک بیس کی گیند پر اینڈرسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، روسٹن چیس 47 رنز بناکر اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔

شین ڈائورچ نے ایک اینڈ پر محتاط بلے بازی کا سلسلہ برقرار رکھا، کپتان جیسن ہولڈر اور الزاری جوزف کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور یکے بعد دیگرے بین سٹوکس کا نشانہ بنے، انکے بعد وکٹ کیپر بلے باز شین ڈائورچ 61 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے انکو بھی بین سٹوکس نے جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔ شینن گیبریل کالی آندھی کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بناکر مارک ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

کیمار روئچ ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلینڈ کی اننگز کے سکور 204 رنز کے جواب میں 318 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اسکو میزبان ٹیم کے خلاف 114 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ انگلینڈ کی طرف سے بین سٹوکس نے چار، جیمز اینڈرسن نے تین اور ڈومینک بیس نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنالئے تھے اور اسکو ویسٹ انڈیز ٹیم کی برتری کو ختم کرنے کے لئے مزید 99 کی ضرورت تھی۔ رورے برنز 10 اور ڈومینک سیبلے 5 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔
وقت اشاعت : 10/07/2020 - 23:50:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :