شاہد آفریدی کا بابراعظم کو میچ ونر بننے کیلئے مفید مشورہ

بابر بہت باصلاحیت، جو روٹ، کوہلی ، ڈی ویلئرز اور سٹیوسمتھ جیسا بننے کیلئے اسے لمبی اننگز کھیلنا ہوںگی: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 اگست 2020 14:07

شاہد آفریدی کا بابراعظم کو میچ ونر بننے کیلئے مفید مشورہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13اگست 2020ء ) شاہد آفریدی نے بابراعظم کومیچ ونر بننے کے ساتھ نمبرون بلے باز بننے کے لیے اپنی نصف سنچریوں کو سنچریوں میں بدلنے پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دے دیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے 40 سالہ سابق کپتان نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بابراعظم کی کارکردگی بہت اہم ہے، اسے میچ وننگ اننگز کھیلنا ہوگی، ٹیم کی بیٹنگ لائن میں وہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ بابر بہت باصلاحیت ہے، جوروٹ، ویرات کوہلی ، اے بی ڈی ویلئرز اور سٹیو سمتھ جیسا بننے کے لیے بابراعظم کو لمبی اننگز کھیلنا ہوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وسیم اور وقار کی طرح نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو بھی میچ جتوانے چاہیے، ان سے ہم سب کو بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، وہ نوجوان ہیں، ان میں اچھی سے اچھی پرفارمنس دینے کا جذبہ ہے، انہیں اپنی کارکردگی میں تسلسل لانا پڑے گا، کھیل میں آنے والے پریشر کو انجوائے کرنے سے کارکردگی بہتر ہوتی اور سیکھنے کا موقع ملتاہے۔

(جاری ہے)

اظہر علی کی کپتانی اور پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا موقف تھا کہ اظہر علی کا ذاتی پرفارمنس کا ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں، جب کپتان کی ذاتی پرفارمنس خراب جارہی ہو اور ٹیم بھی ہار جائے تو پھر تنقید تو ضرور ہوگی، میچ میں کپتان کی ذاتی پرفارمنس بہت اہمیت رکھتی ہے، کپتان پرفارم کرے گا تو سے اس کا اعتماد بڑھتا ہےاور وہ دوسروں سے بھی اچھی کارکردگی لینے میں کامیاب رہتاہے۔
وقت اشاعت : 13/08/2020 - 14:07:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :