کرکٹ کا کھیل سعودی عرب میں بھی شہرت حاصل کرنے لگا

سعودی حکام نے اپنے ملک میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پاکستان سے مدد مانگ لی

muhammad ali محمد علی بدھ 16 ستمبر 2020 23:32

کرکٹ کا کھیل سعودی عرب میں بھی شہرت حاصل کرنے لگا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2020ء) کرکٹ کا کھیل سعودی عرب میں بھی شہرت حاصل کرنے لگا، سعودی حکام نے اپنے ملک میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پاکستان سے مدد مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق پہلی مرتبہ سعودی عرب کی جانب سے اپنے ملک میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پاکستان سے مدد بھی مانگی گئی ہے۔

اس حوالے سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے خصوصی ملاقات کی۔ سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا ہے کہ کرکٹ کے میدان میں پاکستان کے تجربے سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم خطے میں مشہور ہونے سے یہ کھیل سعودی عرب میں بھی مقبول ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

کرکٹ کو سعودی عرب میں فروغ دینا چاہتے ہیں۔

نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ کھیل لوگوں کے لیے بہت ضروری ہے۔ معاشرے کی اصل تصویر کو ظاہرکرنے کے لیے ممالک کے مابین باہمی تعاون ضروری ہے۔ سعودی سفیر کے خیالات سننے کے بعد ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس ڈپلومیسی پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان کو نوجوانوں کی ایک بہت بڑی طاقت ملی ہے۔ یہاں کےکھلاڑیوں میں بہت زیادہ صلاحیت اور ٹیلنٹ ہے۔

کھلاڑیوں کو تربیت کے سلسلے میں مدد کی ضرورت ہے۔ یہاں واضح رہے کہ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی، ہندوستانی اور بنگلہ دیشی آباد ہیں۔ تینوں ممالک میں کرکٹ کا کھیل بے انتہاء مقبول ہے۔ اسی باعث سعودی عرب بھی اب کرکٹ کے کھیل میں دلچسپی لے رہا ہے۔ سعودی عرب میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے سے وہاں آباد پاکستانیوں کو سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔
وقت اشاعت : 16/09/2020 - 23:32:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :