راولپنڈی ٹریفک پولیس نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن میچز کے لیے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے

ٹریفک لا انفورسمنٹ کے ساتھ شہریوں کو ہر طرح کی ٹریفک سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، ڈیوٹی آفیسر محمد وسیم

پیر 19 اکتوبر 2020 17:26

راولپنڈی ٹریفک پولیس نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن میچز کے لیے ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2020ء) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے آرمی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں ہونے والے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن میچزکے دوران شہریوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹر محمد وسیم نے بتایا کہ آرمی کرکٹ سٹیڈیم میں 21اکتوبر تا 25اکتوبر تک منعقد ہونے والے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے پریکٹس میچیز کے دوران سکیورٹی کے پیش نظرTMچوک سے پشاور روڈکی طرف اور MH چوک سے کچہری کی طرف ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند رکھنے پر شہریوںکی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹریفک کے متبادل روٹ فراہم کیے گئے ہیں۔

TM چوک سے پشاورروڈ کی طرف جانے والی ٹریفک کو حیدر روڈ ٹرن سے محفوظ چوک سے براستہ MH کی طرف بھیجا جائے گا جبکہMH سے کچہری چوک کی طرف جانے والی ٹریفک کو براستہ محفوظ روڈ،ریلوے روڈ، کامران مارکیٹ سے مریڑ کی طرف روانہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شہر میں ٹریفک کی روانی کو اچھے طریقے سے برقرار رکھنے، فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک پلان پر عملد ر آمد کروانے کے لیے ٹریفک پولیس کے 219اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جس میں 04ڈی ایس پیز، 14انسپکٹر، 162ٹریفک وارڈنزاور39ٹریفک اسسٹنٹس شامل ہیں۔

سکیورٹی کے پیش نظرتمام ٹریفک سٹاف کو ہدایت کی گئی کہ مشکوک گاڑیوں، بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور کالے شیشیے، بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں، موٹر سائیکلو ں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ڈیوٹی آفیسر ہیڈ کواٹر کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک لاء انفورسمنٹ کے ساتھ شہریوں کو ہر طرح کی ٹریفک سہولیات فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کے ساتھ ٹریفک پولیس کا اچھا اخلاق اور بہترین کردار فورس کے وقار کی سر بلندی کا ضامن ہے۔
وقت اشاعت : 19/10/2020 - 17:26:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :