تیسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے زمبابوے کیخلاف کلین سویپ مکمل کرلیا

عثمان قادر کے 4 شکار، عبداللہ شفیق کے ناقابل شکست 41 رنز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 10 نومبر 2020 18:16

تیسرا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے زمبابوے کیخلاف کلین سویپ مکمل کرلیا
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 نومبر 2020ء ) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو 8 وکٹوں سے ہرا کر کلین سویپ مکمل کرلیا۔ زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو چمو چبھابھا اور برینڈن ٹیلر نے ٹیم کو گزشتہ میچوں کی نسبت زیادہ اچھا آغاز فراہم کیا ۔ مہمان ٹیم کا سکور 26 تک پہنچا تو عماد وسیم نے برینڈن ٹیلر کی قیمتی وکٹ حاصل کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلا دی۔

پاکستان کو اگلی وکٹ بھی جلد ہی مل گئی اور کریگ ارون صرف 4 رنز بناکر حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے ، اسی اوور میں ریان برل بھی ایک رن بنا کر چلتے بنے، چمو چبھابھا نے اچھی فارم دکھاتے ہوئے 31 رنز سکور کیے لیکن عثمان قادر نے انہپں پوویلین چلتا کیا ، اپنے اگلے اوور میں عثمان قادر نے لگاتار دوسرے میچ میں عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں ملٹن شمبا کوسٹمپ آئوٹ کروانے کے بعد ویزلے مدھویرے کی اننگز کا بھی خاتمہ کیا ، سکور 87 تک پہنچا تو انہوں نے اپنے کوٹے کی آخری گیند پر اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے ایلٹن چگمبھرا کی وکٹ لیکر چوتھی کامیابی حاصل کرلی ۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹریپانو اور مساکاڈزا نے زمبابوے کا سکور 120 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر حسنین نے مساکاڈزا کو 11رنز پر آئوٹ کیا ۔ زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 129 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے سب سے زیادہ 4 اور عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو فخر زمان اور اپنا پہلا بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے 39 رنز کا آغاز فراہم کیا، فخر زمان 21 رنز بنا کر مساکاڈزا کی وکٹ بن گئے۔

ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے اور پاکستان نے 130 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔ ٹی ٹونٹی میں ڈیبیو کرنیوالے عبداللہ شفیق نے ناقابل شکست 41 رنز بنائے، ۔اس سے قبل سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں زمبابوے کے کپتان چمو چبھابھا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق نے ڈیبیو کیا جبکہ عماد وسیم کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ابتدائی دونوں ٹی ٹونٹی میچز جیت کر سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکی ہے۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بابراعظم (کپتان)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، حیدر علی، محمد رضوان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عثمان قادر، عماد وسیم، محمد حسنین اور حارث رؤف شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 10/11/2020 - 18:16:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :