نوجوت سنگھ سدھو اپنی سیاسی پارٹی بنائیں،یوگراج سنگھ کی اپیل

خواہش ہے کہ سکھوں کی اپنی سیاسی پارٹی ہو تاکہ اس کے عہدیدار اور کرتا دھرتا عام عوام میں سے چنے جائیں: والد یوراج سنگھ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 دسمبر 2020 17:13

نوجوت سنگھ سدھو اپنی سیاسی پارٹی بنائیں،یوگراج سنگھ کی اپیل
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 دسمبر 2020ء ) معروف بھارتی پنجابی فلموں کے اداکار اور سابق بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ نے کسانوں کے دھرنے میں خطاب کے دوران سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سے اپنی سیاسی جماعت بنانے کی اپیل کردی ہے ۔ یوگراج سنگھ کسانوں کے دھرنے کی تحریک میں پیش پیش ہیں اور دھرنے کے دوران اپنے ایک حالیہ خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت پر قابض موجودہ حکمران وہ لوگ ہیں جو پیسوں کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے اپنی مائیں بہنیں مغل حکمرانوں کو ہاتھ جوڑ کر پیش کی تھیں ۔

62 سالہ یوگراج سنگھ نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے بھی کہا تھا کہ اگر غلاموں کو حکمران بنا دیا جائے تو وہ موقع ملنے پر اپنے سے نچلے طبقے کے لوگوں کو جوتے میں پانی پلانے کی کوشش کرتے ہیں اور موجودہ بھارتی حکمران وہی کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتی سیاسی جماعت انڈین نیشنل گانگریس سے وابستہ سکھ سیاستدان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سیاسی جماعت بنائیں ،اس مقصد کے لیے پورا پنجاب اور سکھ ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ یوگراج سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سکھوں کی اپنی سیاسی پارٹی ہو تاکہ اس کے عہدیدار اور کرتا دھرتا عام عوام میں سے چنے جائیں۔ 
وقت اشاعت : 24/12/2020 - 17:13:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :