خیبر پختونخوا میں آئی ٹی ایف جونیئر ٹریننگ پروگرام کا آغاز

خیبر پختونخوا میں بنیادی سطح پر ٹینس کے فروغ کے لئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) اور پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف)کے باہمی اشتراک سے جونیئر ٹینس اینشی ایٹو (جے ٹی آئی) پروگرام پاکستان ٹینس کورٹ شاہی باغ میںشروع ہوگیا

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 22 فروری 2021 16:07

خیبر پختونخوا میں آئی ٹی ایف جونیئر ٹریننگ پروگرام کا آغاز
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2021ء،نمائندہ خصوصی،امجد علی خان) خیبر پختونخوا میں بنیادی سطح پر ٹینس کے فروغ کے لئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) اور پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف)کے باہمی اشتراک سے جونیئر ٹینس اینشی ایٹو (جے ٹی آئی) پروگرام پاکستان ٹینس کورٹ شاہی باغ میںشروع ہوگیا۔جس میں مختلف سکولز کے بچوں اور بچیوں نے حصہ لیا باضابطہ افتتاح خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر ڈی آئی جی سلیم مروت نے کیا ان کے ہمراپراجیکٹ ڈائریکٹرخیبرپختونخوا سپورٹس ڈائریکٹر مراد علی مہمند ، چیئر مین صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن کے پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر ، سیکرٹری عمر آیاز خلیل پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نمائندے حامد نیاز سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔



میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن ڈی آئی جی سلیم مروت نے کہا کہ پروگرام کابنیادی مقصد ٹینس کا فروغ اور جونیئر کھلاڑی تیار کرنا ہے سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے 7 سے 14 سال کی عمر تک کے بچوں پر توجہ دی جائے گی جس کے لئے پہلے مرحلے میں پشاور ڈویژن کے مختلف سکولوں میں کیمپ میں لگائے جائیں گے جن میں ٹیلنٹ کی نشاندہی کی جائے گی جسے والدین اور سکول انتظامیہ کی مشاورت سے ٹینس کورٹس میں مزید تربیت دی جائے گی، ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس نے ایک ہزار سہولیات کھیل پراجیکٹ کے ڈائریکٹر مراد علی مہمند جبکہ ٹینس فیڈریشن اور صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن نے شہریار خان، ذاکر اللہ، نعمان، شاکر اللہ اور شاہ حسین کو کوآرڈی نیٹر مقرر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پروگرام کا دائرہ بعد ازں صوبے کے دیگر تین ڈویژنوں تک بڑھایا جائے گا، آئی ٹی ایف کی جانب سے بچوں کو سامان اور آلات فراہم کئے جائیں گے، پروگرام میں اساتذہ اور ٹینس کوچز کو بھی تربیت دی جائے گی، سرکاری سکولوں میں کوچنگ کے فرائض انجام دینے والوں کو ڈائریکٹوریٹ سپورٹس نے الائونس دینے پر رضا مندی ظاہر کی ہے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ٹینس ٹیلنٹ اور کوچز دیگر صوبوں سے زیادہ ہیںاس صوبے سے عالمی سطح کے کھلاڑی سامنے آنے کے مواقع زیادہ ہیں۔

جے ٹی آئی پروگرام سے ملک بھر میں ٹینس فروغ پائے گی اور جونیئر سطح پر باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیںگے جو آگے بڑھ کر عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کریں گے، آئی ٹی ایف کی جانب سے فراہم کردہ سامان اور اآلات میں صوبے کو اپنا جائز حصہ دیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 22/02/2021 - 16:07:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :