رن آؤٹ تنازع سے انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تناوٴ بڑھ گیا

جمعرات 5 جون 2014 15:57

رن آؤٹ تنازع سے انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تناوٴ بڑھ گیا

برمنگھم(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5جون 2014ء) رن آؤٹ تنازع سے انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تناوٴ بڑھ گیا جب کہ ون ڈے سیریز میں مہمان ٹیم کی 3-2 سے کامیابی نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔میزبان کپتان الیسٹرکک کے مطابق آ ئی لینڈرز نے لائن کراس کی، ٹیسٹ سیریز میں صورتحال کشیدہ ہوسکتی ہے، دوسری جانب مہیلا جے وردنے نے کہا کہ ہم نے جوز بٹلر کو بارہا وارننگ دینے کے بعد بیلز اڑائیں، کچھ غیرقانونی نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پانچویں ون ڈے میں سری لنکا کی جانب سے جوز بٹلر کو نان اسٹرائیک اینڈ پر رن آؤٹ کیے جانے پر انگلش ٹیم بھڑک اٹھی، اس سے دونوں سائیڈز میں تناؤ بڑھ گیا ہے، منگل کو کھیلے گئے میچ میں سچترا سینا نائیکے نے گیند سے قبل ہی کریز سے باہر نکلنے والے بٹلر کی بیلز اڑا دیں، اس طرح لارڈز میں 121 رنز کی اننگز کھیلنے والے نوجوان بیٹسمین اس بار صرف 21 پر ہی آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

امپائرز نے سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز سے پوچھا تھا کہ اگرچہ تکنیکی اور قانونی اعتبار سے بٹلر آؤٹ ہوچکے مگر وہ چاہیئں تو انھیں واپس بلاسکتے ہیں لیکن میتھیوز نے انکار کردیا۔ مجموعی طور پر یہ انٹرنیشنل میں اس انداز میں آؤٹ کرنے کا آٹھواں اور 1992-93 کے بعد پہلا واقعہ ہے، اس سے قبل پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے گئے ون ڈے میں کپیل دیو نے جنوبی افریقہ کے پیٹرکرسٹن کو نان اسٹرائیک پر کریز سے باہر ہونے کی وجہ سے رن آؤٹ کیا تھا،اسی انداز میں 1947-48 میں جب بھارتی وینومنکڈ نے آسٹریلیا کے بل براؤن کو آؤٹ کیا تو اسے ’من کیڈنگ‘ قرار دیا گیا تھا۔

انگلش کپتان الیسٹرکک نے کہا کہ میں نے اس طرح کا واقعہ اپنے کیریئر میں نہیں دیکھا،اگر پہلے ایسا ہوا تو یہ کیس اس سے مختلف ہے کیونکہ بٹلر رن نہیں لے رہے تھے، انھوں نے کہا کہ اس واقعہ سے ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے تناؤ بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب سری لنکن بیٹسمین مہیلا جے وردنے نے کہاکہ ہم نے پہلے بٹلر کو خود خبردار کیا پھر امپائرز سے بھی کہا، اس کے بعد جب انھوں نے پھر وہی حرکت دہرائی تو آؤٹ کرنا ہی پڑا۔

وقت اشاعت : 05/06/2014 - 15:57:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :