اسنوکر کھلاڑیوں کو انعامی رقم نہ دی گئی تو اسلام آباد میں دھرنا دینگے ، عالمگیر شیخ

منگل 17 جون 2014 14:49

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جون 2014ء) پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے اسنوکر کے کھلاڑیوں کوانعامی رقم کی عدم ادائیگی پر اسلام آباد میں دھرنا دینے کا عندیہ دیا ہے، کراچی جیم خانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی طرح اسنوکر کے کھیل کی بھی سرکاری سرپرستی کی جائے تاکہ اسنوکر کے کھلاڑیوں میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ ہوسکے، ماضی میں پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے تین مرتبہ ملاقات کا ٹائم دیا مگر ان سے ملاقات ممکن نہ ہوسکی جومایوس کن ہے جبکہ پاکستان اسپورٹس کے ڈی جی سمیت تمام اعلیٰ شخصیات کو رقم کے حوالے سے متعدد مرتبہ خطوط تحریر کئے گئے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی حکومت کے برتاؤ کے باعث اسنوکر کے کھلاڑیوں میں مایوسی جنم لے رہی ہے اگر یہ صورتحال رہی تو مستقبل میں کھیل کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کو اسپورٹس پالیسی کے تحت حکومت پاکستان کو دو کروڑ روپے ادا کرنے ہیں جبکہ محمد سجاد کوسات لاکھ اور حمزہ اکبر کوپانچ لاکھ کی انعام رقم ادا کرنی ہے۔ ایک سوال پر عالمیگر شیخ نے کہا کہ پاکستانی کیوئسٹ عالمی مقابلوں کے ناک آؤٹ مرحلے میں کوچ کی عدم موجودگی میں دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں جس کے باعث انہیں شکست ہوجاتی ہے پی بی ایس اے نے ماضی میں بھی کوالیفائیڈ کوچ مقررکنے کی متعدد کوششیں کیں مگر بغیر حکومتی تعاون کے ہم کوچ تعینات نہیں کرسکے تاہم ہم نے جونیئر کھلاڑیوں کی کوچنگ کا پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت پانچ جونیئر کیوئسٹ کو چین کے شہر بیجنگ میں تربیت کیلئے بھیجا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے موقع پرمنورشیخ، محمد آصف اور محمد سجاد بھی موجود تھے۔ آخر میں دنوں کھلاڑیوں کو پی بی ایس اے کی جانب سے ایک، ایک لاکھ روپے کے چیک پیش کئے گئے۔

وقت اشاعت : 17/06/2014 - 14:49:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :