انگلش فٹبال کلبز نے مسلمان کھلاڑیوں کو افطاری کا موقع دینے کیلئے میچ روک دیا

مقابلے سے قبل دونوں کلبز، میچ ریفری گراہم سکاٹ میں طے پایا تھا کہ 35 ویں منٹ پر تھوڑی دیر کیلئے میچ روکا جائیگا تاکہ ویسلے فوفانا اور شیخو کویاٹے روزہ کھول سکیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 اپریل 2021 13:24

انگلش فٹبال کلبز نے مسلمان کھلاڑیوں کو افطاری کا موقع دینے کیلئے میچ روک دیا
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 اپریل 2021ء ) انگلش فٹبال کلبز لیسٹر سٹی اور کرسٹل پیلس نے اپنے مسلمان کھلاڑیوں کو افطاری کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے میچ ہی درمیان میں روک دیا۔ مقابلے سے قبل ہی دونوں کلبز اور میچ ریفری گراہم سکاٹ میں طے پایا تھا کہ 35 ویں منٹ پر تھوڑی دیر کیلیے میچ روکا جائے گا تاکہ ویسلے فوفانا اور شیخو کویاٹے روزہ کھول سکیں، دونوں کھلاڑیوں نے اس پر اپنے کلبز کا شکریہ ادا کیا۔

یہ پہلا موقع ہے جب پریمیئر لیگ کی تاریخ میں کھیل کو روکا گیا تاکہ رمضان المبارک کے دوران غروب آفتاب کے بعد مسلمان کھلاڑیوں روزہ افطار کرسکیں ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ترکی میں فٹبال میچ کے دوران مقامی کلب کے کھلاڑیوں نے روزے کی حالت میں‌ میچ کھیل اور گراؤنڈ میں افطار کر کے سب کے دل جیت لیے تھے۔

(جاری ہے)

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں فٹبال میچ کے دوران مغرب کی اذانیں ہونے پر ٹیم انقرہ کھلاڑیوں نے کھیل کا وقفہ لے کر روزہ کھولا۔

انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گول کیپر سمیت کھلاڑیوں نے مغرب کی اذان کی آواز سُن کر کھجور کھائی اور پھر پانی پینے کے ساتھ ساتھ پھل بھی کھائے۔
کھلاڑیوں کے روزہ کھولنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے ترک کھلاڑیوں کے لیے تعریفی کلمات ادا کیے اور روزہ رکھ کر ٹورنامنٹ کھیلنے کے اقدام کو شاندار انداز سے سراہا۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس میچ میں ٹیم انقرہ کے مدمقابل ٹیم کون سی تھی۔ روزہ کھلنے کے دوران کمنٹیٹر نے بھی بتایا کہ کھلاڑی سارا دن بھوکے پیاسے (روزے) سے تھے اور اسی وجہ سے انہوں شرعی تعلیمات کے مطابق مغرب کی اذان سُننے کے بعد روزہ افطار کیا۔ واضح رہے کہ طبی ماہرین روزے کے جسمانی اور طبی فوائد مختلف مطالعات میں بیان کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 29/04/2021 - 13:24:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :