نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں حسن علی ،فواد عالم کو خوشخبری ملنے کا امکان

بابراعظم ، شاہین آفریدی اور محمد رضوان کی اے کیٹیگری برقرار،عثمان شنواری،افتخار احمد کے ناموں پر غور نہیں ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 2 مئی 2021 14:26

نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں حسن علی ،فواد عالم کو خوشخبری ملنے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مئی 2021ء ) قومی ٹیم کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق دورہ زمبابوے کے بعد ہیڈ کوچ مصباح الحق ، چیف سلیکٹر محمد وسیم ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان اور پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اس حوالے سے مشاورت کریں گے۔ موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہونے جارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کچھ نئے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیش کش کرے گا۔ فاسٹ بائولر حسن علی ، آل راؤنڈر فہیم اشرف اور لیگ سپنر عثمان قادر کو سینٹرل کنٹریکٹ ملنے کا امکان ہے جبکہ عثمان شنواری اور افتخار احمد کے ناموں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ فاسٹ بائولرز حارث رؤف اور محمد حسنین کو سی کیٹیگری میں ترقی دی جاسکتی ہے جبکہ فخر زمان کو بی کیٹیگری میں ترقی دی جاسکتی ہے لیکن اسد شفیق شان مسعود اور حارث سہیل کی تنزلی کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ جنہوں نے فروری میں معاہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا جب پی سی بی نے انہیں سی کیٹیگری کی پیش کش کی تھی ، دوبارہ پیش کش کی جائے گی۔ گزشتہ سال محمد رضوان کو اے کیٹیگری میں ترقی دی گئی تھی جب کہ فواد عالم کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا تھا۔ امکان ہے کہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو حالیہ ٹیسٹ میچوں میں عمدہ کارکردگی کے بعد بی کیٹیگری دی جائے گی۔ سابق کپتان اظہر علی کو اے سے بی کیٹگری میں منتقل کرنے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے کیونکہ وہ صرف ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ نئے سینٹرل کانٹریکٹ کے لئے محمد نواز، عمران بٹ اور زاہد محمود کو بھی زیر غور لایا جائے گا۔
وقت اشاعت : 02/05/2021 - 14:26:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :