انگلش فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن نے 1000 فرسٹ کلاس وکٹیں مکمل کرلیں

انگلش سٹار رواں ماہ کے اختتام پر 39 برس کے ہوجائیںگے، انھیں ٹیسٹ کرکٹ میں 617 وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 6 جولائی 2021 11:59

انگلش فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن نے 1000 فرسٹ کلاس وکٹیں مکمل کرلیں
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 جولائی 2021ء ) انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 1000 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم کے 38 سالہ فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں لنکا شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے کینٹ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا، ہینو کوہن ان کا ہزارواں شکار بنے۔
جمی اینڈرسن نے کینٹ کے خلاف اننگز میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور فرسٹ کلاس میں 1000 وکٹیں حاصل کرنے والے 216 ویں بائولر بن گئے،
وہ 2005ء میں اینڈریو کیڈک کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے فاسٹ بائولر بنے۔

فاسٹ بائولر کو ٹیسٹ کرکٹ میں 26.67 کی اوسط سے سب سے زیادہ 617 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں جیمز اینڈرسن 900 انٹرنیشنل وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے پیسر اور مجموعی طور پر چھٹے بائولر بن گئے تھے۔ جیمز اینڈرسن سے قبل یہ اعزاز لیجنڈری فاسٹ بائولرز وسیم اکرم، گلین میک گرا، متیاہ مرلی دھرن، شین وارن اور انیل کمبلے حاصل کرچکے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین میک گرا 949 جبکہ وسیم اکرم 916 انٹرنیشنل وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں، سپنرز متیاہ مرلی دھرن 1347، شین وارن 1001 اور انیل کمبلے 956 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 06/07/2021 - 11:59:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :