انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی

انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 21 جولائی 2021 01:53

انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی
مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جولائی 2021ء ) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ۔ پاکستان نے مانچسٹر میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن کپتان بابراعظم 13 گیندوں پر صرف 11 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

صہیب مقصود کی اننگز بھی 13 رنز تک محدود رہی اور عادل رشید نے ایک ہی اوورز میں ان کے ساتھ ساتھ حفیظ کو بھی چلتا کرکے پاکستان کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ رضوان کا ساتھ دینے فخر زمان آئے اور دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 45 رنز کی شراکت قائم کی، فخر کی 24 رنز کی اننگز معین علی کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

(جاری ہے)

عادل رشید نے شاداب کا شکار کرکے چوتھی وکٹ اپنے نام کی جبکہ عماد وسیم رن آؤٹ کے نتیجے میں پویلین واپسی پر مجبور ہوگئے۔

محمد رضوان نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور شاندار نصف سنچری سکور کی۔ اختتامی اوورز میں حسن علی کے ساتھ ملکر انہوں نے کچھ ہاتھ دکھائے لیکن کرس جورڈن نے 20ویں اوور میں بہترین باؤلنگ کرکے پاکستان کو آخری اوور کا فائدہ نہ اٹھانے دیا۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے، رضوان نے 57 گیندوں پر تین چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے چار اور معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز جیسن روئے اور جوز بٹلر نے کیا۔ 7ویں اوور میں انگلینڈ کی پہلی وکٹ گری جو جوز بٹلر کی تھی، 22 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے بعد بٹلر شاداب خان کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کے بعد ڈیوڈ میلان کریز پر پہنچے۔ دسویں اوور میں ٹیم کے 92 کے سکور پر اوپنر جیسن روئے عثمان قادر کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انہوں ںے 36 بالز پر جارحانہ 64 رنز بنائے جن میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل ہیں۔ ان کے بعد آنے والے جونی بیئراسٹو بھی دو اوور کے بعد ہی 5 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ڈیوڈ میلان نے 33 گیندوں پر 31 رنز بنائے جب کہ معین علی نے ایک اور لیام لیونگ اسٹون چھ رنز بناسکے۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور عثمان قادر اور حسن علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے اور ان کی جگہ اعظم خان اور حارث رؤف کو آرام کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور اوئن مورگن اور ڈیوڈ ولی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان، صہیب مقصود، محمد حفیظ، فخر زمان، حسن علی، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور محمد حسنین پر مشتمل ہے جب کہ انگلینڈ کی ٹیم میں این مورگن (کپتان)، جیسن رائے، ڈیوڈ ملان، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس جورڈن، ڈیوڈ ولی، عادل رشید اور ثاقب محمود شامل ہیں۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 21/07/2021 - 01:53:50

Your Thoughts and Comments