بھارتی کرکٹ بورڈ نے کمنٹیٹرز سے بھی رابطہ کیا :عارف ملک

اندازہ نہیں تھا کہ بی سی سی آئی اس حد تک گر جائے گا: صدر کشمیر پریمیئر لیگ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 اگست 2021 15:40

بھارتی کرکٹ بورڈ نے کمنٹیٹرز سے بھی رابطہ کیا :عارف ملک
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اگست 2021ء ) کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے بعد کمنٹیٹرز کو بھی اپروچ کیا ہے، بالکل اندازہ نہیں تھا کہ بھارتی بورڈ اس حد تک جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہرشل گبز کے پی ایل کا حصہ ہیں اور کل کسی وقت پاکستان پہنچیں گے۔ یاد رہے کہ کے پی ایل کا آغاز 6 اگست سے ہوگا جب کہ فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا۔

تمام میچز مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ کشمیر پریمیئر لیگ کے اولین ایڈیشن کے 19میں سے 12 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ دوسری جانب کشمیر پریمیئر لیگ میں شائقین کو مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق سٹیڈیم میں 30 سے 25 فیصد تک شائقین کو داخلے کی اجازت ہوگی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ کے میچوں کی ٹکٹوں کی فروخت جلد شروع ہو جائے گی ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر(این سی او سی) کی اجازت کے بعد ٹورنامنٹ انتظامیہ ٹکٹوں کی فروخت کی شروعات کرے گی ۔

مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں دس ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ذرائع کے مطابق 30 سے 25 فیصد کے حساب سے 3000 شائقین سٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھ سکیں گے ، سٹیڈیم میں سماجی فاصلے کے ساتھ شائقین کو بٹھایا جائے گا۔                                                                                     
وقت اشاعت : 03/08/2021 - 15:40:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :