سچن ٹنڈولکر پر شدید تنقید ، انڈین پارلیمنٹ نے چھٹی کی اجازت دیدی ،

سابق بلے باز نے اپنی مصروفیات اور گھریلو دباؤ کے مدنظر ایوان سے چھٹی کی درخواست دے رکھی تھی ، ایک بار بھی ایوان میں نہ آنے اور کھیلوں کے فروغ کیلئے کام نہ کرنے پر ایوان نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا

پیر 11 اگست 2014 21:13

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2014ء) انڈیا کی پارلیمنٹ نے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن ٹنڈولکر پر ہونے والی تنقید کے بعد انہیں چھٹی کی اجازت دے دی۔رواں سال پارلیمنٹ کے ایک بھی سیشن میں حاضر نہ ہونے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ غیر ملکی خبرساں ادارے کے مطابق سابق بلے باز نے مصروفیات اور گھریلو دباوٴ کے مد نظر ایوان سے چھٹی کی درخواست کی تھی۔

جون، 2012 میں بطور ایوان بالا کے رکن حلف اٹھاتے وقت ٹنڈولکر نے وعدہ کیا تھا کہ وہ کھیلوں کے لئے کام کریں گے۔تاہم، پارلیمانی ریکارڈ کے مطابق،پچھلے سال تین فیصد جبکہ رواں سال ایک مرتبہ بھی ایوان میں نہ آنے کی وجہ سے ان کی حاضری تمام اراکین کی نسبت سب سے خراب رہی۔حاضری کیانتہائی خراب ریکارڈ کی وجہ سے گزشتہ ہفتے ایوان میں ان پر شدید تنقید کی گئی جبکہ چھٹی کی درخواست پر پیر کو کچھ ارکان پارلیمنٹ نے تحفظات ظاہر کیے۔

(جاری ہے)

ان کی چھٹی کی درخواست سات جولائی سے جمعرات تک جاری رہنے والے پارلیمنٹ کے موجودہ سیشن کے لیے ہے۔سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نریش اگروال نے کہا کہ تمام اراکین متفق ہیں کہ ٹنڈولکر ایوان کی عزت نہیں کرتے۔کانگریس کے سینئر رہنما ستیاورت چترویدی نے کہا کہ 'ایک غلط مثال' قائم کی جا رہی ہے اور یہ کہ کسی کو بھی اس طرح غیر حاضر رہنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیئے۔'یہ ناقابل قبول ہے'۔ون ڈے اور ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے اکیالیس سالہ ٹنڈولکر دو سو ٹیسٹ میچوں میں 15921 رنز بنا کر ریٹائر ہوئے۔ٹنڈولکر کو سماجی خدمات، سائنس، آرٹ سمیت مختلف میدانوں میں نمایاں کاکردگی دکھانے والوں کے لیے مختص ایوان بالا کی بارہ میں سے ایک سیٹ کی پیشکش کی گئی تھی۔

وقت اشاعت : 11/08/2014 - 21:13:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :