قومی انڈر 12- فٹ بال چمپئن شپ سندھ کی ٹیم نے جیت لی

منگل 12 اگست 2014 20:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اگست 2014ء) سندھ نے خیبر پختونخواہ کو 5-1 سے شکست دے کر قومی انڈر 12- فٹ بال چمپئن شپ جیت لی جبکہ پنجاب نے تیسری اور فاٹا نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، پنجاب کے ساجد علی کو بہترین کھلاڑی، فاٹا کے کاشف کو بہترین گول کیپر اور خیبر پختونخواہ کے عبداللہ کو ٹاپ سکورر کا انعام دیا گیا جبکہ اسلام آباد کی ٹیم کو فیئر پلے ٹرافی سے نواز گیا۔

اس موقع پر آرگنائزنگ سیکرٹری محمد زمان، کے آر ایل کے کوچ سجاد محمود، قومی ٹیم کے سابق منیجر عرفان خان نیازی موجود تھے جبکہ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی کسی بھی اعلیٰ شخصیت نے شرکت نہیں گی۔

(جاری ہے)

جناح سٹیڈیم میں کھیلے گئے چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں سندھ نے خیبرپختونخواہ 5-1 گول سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

وقفے تک سندھ کو خیبرپختونخواہ وقفے تک 2-1 گول کی برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں سندھ کی ٹیم نے مزید تین گول کرکے مقابلہ 5-1 سے جیت لیا۔ فاتح ٹیم کی طرف سے عاقب نے دو، زید عمر، سمیر اور افتخار نے ایک، ایک سکور کیا جبکہ خیبرپختونخواہ کی طرف سے واحد گول فیصل اقبال نے کیا۔ فائنل سے قبل تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں پنجاب نے فاٹا کو 2-1 گول سے شکست دی، پہلے کھیل کے اختتام تک پنجاب کو فاٹا کے خلاف 1-0 گول سے برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک، ایک گول کیا۔ پنجاب کی طرف سے شعیب اور حمزہ نے ایک ، ایک گول کیا جبکہ فاٹا کی طرف سے واحد گول بابر ضیاء نے کیا۔میچ کمشنرز کے فرائض سید ذاکر حسین نقوی اور اصلاح الدین جبکہ ریفری کے چمن خان نے انجام دیئے۔

وقت اشاعت : 12/08/2014 - 20:17:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :