نیشنل بنک گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ ،پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ، پاکستان ایئرفورس اور نیشنل بنک نے اپنی مدمقابل ٹیموں کو شکست دے دی

منگل 12 اگست 2014 20:33

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اگست 2014ء) نیشنل بنک گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے پانچویں روزپاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ، پاکستان ایئرفورس اور نیشنل بنک نے اپنی مدمقابل ٹیموں کو شکست دے دی ۔ پی آئی اے نے ہائرایجوکیشن کو 3-1 اور پی اے ایف نے پاکستان ریلویز کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے قابو کیا جبکہ نیشنل بنک نے آرمی کو 3-1 سے زیرکیا۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم گراوٴنڈ نمبر دو پر گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں پی آئی اے کے کھلاڑیوں نے ایچ ای سی باآسانی ایک کے مقابلے تین گول سے شکست دی ۔

پی آئی اے نے کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں ایک جاندار حملے کی صورت میں پینلٹی کارنر حاصل کرکے گول کرنے کا موقع بنایا جسے احسان اللہ نے کامیاب بناکر اپنی ٹیم کوبرتری دلوائی۔ اس کے بعد بھی پی آئی اے کی جانب سے متعدد حملے کیئے گئے جسے ایچ ای سی کے دفاعی کھلاڑیوں نے اپنے عمدہ کھیل سے ناکام بنایا اور میچ دوسرے کوارٹر کے اختتام تک اسی سکور کے ساتھ رہا۔

(جاری ہے)

تیسرا کوارٹر شروع ہوتے ہی ایچ ای سی کے فاروڈ کامران مقصود نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے38 ویں منٹ میں ایک خوبصورت موو پر فیلڈ گول سکور کرکے پی آئی اے کی برتری ختم کردی ۔ چھ منٹ بعد پی آئی اے کی طرف سے عاطف مصطفی نے فیلڈ گول سکور کرکے پی آئی اے کو دوبارہ برتری دلوائی اور اس کے دس منٹ بعد (55ویں منٹ میں) محمد زبیر نے فیلڈ گول کرکے پی آئی اے کی فتح کو یقینی بنادیا۔

سہیل اور شاہد پرویز نے اس میچ کو سپروائز کیا۔ دوسرے میچ میں پاکستان ریلویز کے کھلاڑی بدقسمت رہے جنھوں نے میچ میں دوگول کی برتری حاصل کرنے کے باوجود شکست کو گلے لگالیا۔ ریلویز کی جانب سے میچ کے 13 منٹ میں حسیب ، رضوان اور ذیشان نے آپس میں تال میل کے ساتھ پاکستان ایئرفورس کی ڈی میں داخل ہوئے جہاں پہلے سے موجود علیم نے گول کرکے ریلویز کو برتری دلا دی ۔

دو منٹ بعد ہی ایک اور حملے میں ذیشان اور عدنان نے ریلویز کے لیئے گول کا موقع حاصل کیاجس سے ارسلان نے فائدہ اٹھاتے ہوئے گول سکورکرکے ریلویز کی برتری کو دوگنا کردیا۔ تاہم ریلویز کے کھلاڑی دو گول کی برتری کا دفاع کرنے میں ناکام رہے اور پی اے ایف کی جانب سے دوسرے کوارٹر کے آخری منٹ میں عثمان سمیع نے گول سکور کرکے ریلویز کی برتری کو کم کردیا۔

چار منٹ بعد (34 ویں منٹ میں )شہباز نے فیلڈ گول کے ذریعے مقابلہ دو دو گول سے برابر کردیا۔ میچ کے 54 ویں منٹ میں عثمان نے اپنا دوسرا گول سکورکرکے پی اے ایف کو برتری دلوائی جو میچ کے اختتام تک برقراررہی۔ میچ کے 57 ویں منٹ میں ریلویز کو پینلٹی کارنر کے ذریعے مقابلہ برابرکرنے کا سنہری موقع ملا جس سے اس کے کھلاڑی فائدہ نہ اٹھا سکے۔ اس میچ کو کامران شریف اور افسار نے سپروائز کیا۔

منگل کے روز کھیلے گئے تیسرے میچ میں نیشنل بنک نے عتیق کے ذریعے پینلٹی کارنر پر برتری حاصل کی لیکن اگلے ہی منٹ میں آرمی کے عبدالجبار نے گول کرکے این بی پی کی برتری ختم کردی ۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر متعدد حملے کیئے اور شائقین سے خوب داد وصول کی ۔ میچ کے آخری کوارٹر میں نیشنل بنک نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کے 58 ویں اور 59 ویں منٹ میں گول سکور کرکے میچ میں حیرت انگیز طریقے سے کامیابی حاصل کی ۔

نیشنل بنک کی جانب سے دوسرا گول اختر علی نے جبکہ تیسرا گول فیضان نے سکور کیا۔ اس میچ کو رانا لیاقت اور حمزہ نے سپروائز کیا۔ آج (بدھ 13 اگست )ٹورنامنٹ میں آرام کا دن ہے جبکہ چودہ اگست کو ایچ ای سی کا مقابلہ پی اے ایف ، آرمی کا مقابلہ ریلویز جبکہ پی آئی اے کا مقابلہ واپڈا سے ہوگا۔

وقت اشاعت : 12/08/2014 - 20:33:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :