آئی سی سی اجمل کو کلیئر کر دے گی، مصباح الحق

جمعرات 14 اگست 2014 20:17

آئی سی سی اجمل کو کلیئر کر دے گی، مصباح الحق

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) پاکستان کرکٹ کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ آف سپنر سعید اجمل کے باوٴلنگ ایکشن کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں رپورٹ کئے جانے پر پریشان نہیں۔گال میں سری لنکا کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد میچ حکام نے اجمل کے باوٴلنگ ایکشن پر اعتراض کرتے ہوئے معاملہ آئی سی سی میں بھیج دیا تھا۔

تاہم، آئی سی سی نے ان کے باوٴلنگ ایکشن کی مزید جانچ کے نتائج آنے تک انہیں باوٴلنگ کرنے کی اجازت دے دی۔پر امید مصباح نے کہا ہے کہ سٹار باوٴلر اس معاملے سے نکل آئیں گے۔کولمبو میں دوسرے ٹیسٹ سے پہلے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں مصباح کا مزید کہنا تھا'جہاں تک ہمارے اہم ترین باوٴلر اجمل کا تعلق ہے تو اس پر تشویش کی ضرورت نہیں کیوں کہ پہلے بھی ان کے ساتھ ایسا معاملہ پیش آ چکا ہے'۔

(جاری ہے)

چونتیس ٹیسٹ میچوں میں 27.79 کی اوسط سے 174 وکٹیں حاصل کرنے والے اجمل کے باوٴلنگ ایکشن پر 2009 میں بھی اعتراض ہوا تھا لیکن بعد میں آئی سی سی نے انہیں کلیئر کر دیا۔مصباح کا کہنا تھا کہ وہ پر امید ہیں کہ آئی سی سی اس مرتبہ بھی انہیں کلیئر کر دے گا۔'ہم صرف اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ ہم اچھا کھیل پیش کر کے یہ ٹیسٹ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے'۔کارکردگی میں تسلسل کی کمی کوپہلے ٹیسٹ میں شکست کی وجہ قرار دیتے ہوئے چالیس سالہ کپتان کا کہنا تھا کہ 'گال میں ہم کہیں کہیں اچھا کھیلے۔ ہماری کارکردگی میں تسلسل نہیں تھا اور ہم ہر سیشن میں کامیاب نہیں ہو سکے'۔'اس مرتبہ ہم یقینی بنائیں گے کہ بیٹنگ میں ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیں۔ہمیں تمام شعبوں میں بہتر دکھانا ہو گا'۔

وقت اشاعت : 14/08/2014 - 20:17:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :