ورلڈ کبڈی لیگ، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے امریکہ کی رائل کنگز کو شکست دیدی

ہفتہ 16 اگست 2014 22:41

ورلڈ کبڈی لیگ، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے امریکہ کی رائل کنگز کو شکست دیدی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اگست۔2014ء) ورلڈ کبڈی لیگ کے میچ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے امریکہ کی ٹیم رائل کنگز کو62-50 سیشکست دیدی، لاہور لائنز کے ریڈر شفیق چشتی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19پوائنٹس حاصل کئے ان کی تمام ریڈز کامیاب رہیں، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے لاہور لائنز کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے شیروں نے برطانیہ میں پاکستان کا پرچم بلند کرکے قوم کو یوم آزادی کا تحفہ دیا ہے، تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ہونیوالے ورلڈ کبڈی لیگ کے میچ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے امریکہ کی ٹیم رائل کنگز کو62-50سے شکست دیدی، میچ میں لاہور لائنز کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو ٹف ٹائم دیا، لاہور لائنز کے شیر پورے میچ پر حاوی رہے، مین آف دی میچ کا ایوارڈ ایک بار پھر شفیق چشتی نے حاصل کیا۔

(جاری ہے)

لاہور لائنز کی طرف سے کپتان بابر گجر، لالہ عبیداللہ، اکمل شہزاد ڈوگر اور رائل کنگز کی جانب سے بلرام سنگھ اور نرویندر سنگھ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین سے خوب داد وصول کی،صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے لاہور لائنز کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں لاہور لائنز کے کپتان بابر گجر اور دیگر کھلاڑیوں کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پاکستانی قوم کو ایک تحفہ دیا ہے، کبڈی کے کھیل میں پاکستان دنیا بھر میں مقبول ہورہا ہے، ہماری یوتھ ہر شعبہ میں دنیا کی کسی بھی یوتھ سے کم نہیں ہے، انشاء اللہ لاہور لائنز کی ٹیم ورلڈ کبڈی لیگ کا فائنل بھی جیتے گی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے لاہور لائنز کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے شیروں نے برطانیہ کے شہر میں پاکستانی پرچم بلند کرکے قوم کو یوم آزادی کا تحفہ دیا ہے، قوم کو اپنے شیروں پر فخر ہے، امید ہے لاہور لائنز کی ٹیم آئندہ ہونیوالے میچوں میں بھی اسی طرح کامیابی حاصل کریں گی،قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔

ہزاروں کی تعداد میں تماشائیوں نے مقابلہ دیکھا اور لاہور لائنز کے کھلاڑیوں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر دل کھول کر داد دی، لاہور لائنزاپنا اگلا میچ 23اگست کو نئی دہلی میں پنجاب تھنڈر کے خلاف کھیلے گی۔

وقت اشاعت : 16/08/2014 - 22:41:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :