ہیڈن بھائی! تم پاکستان کی طرف ہو یا بھارت کی طرف ،روایتی حریف بارے بیان نے شائقین کو تشویش میں مبتلا کردیا

شاید آپ کو بھارتی بلے بازوں سے زیادہ پاکستانی بلے بازوں پر توجہ دینی چاہیے، سوشل میڈیا پر صارفین کا قومی بیٹنگ کنسلٹنٹ مشورہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 اکتوبر 2021 14:20

ہیڈن بھائی! تم پاکستان کی طرف ہو یا بھارت کی طرف ،روایتی حریف بارے بیان نے شائقین کو تشویش میں مبتلا کردیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 اکتوبر 2021ء ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن نے گزشتہ روز انٹرویو میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا جس نے پاکستانی شائقین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق میتھیو ہیڈن کے مطابق بھارتی بلے باز لوکیش راہول پاکستان کیلئے ’ایک بڑا خطرہ‘ ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کھلاڑی دباؤ میں کس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی کھلاڑی رشبھ پنٹ کے حوالے سے بھی کہا کہ وہ باؤلرز کے حملوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔میتھیو ہیڈن کے بیان نے شائقین کرکٹ کو کچھ تشویش میں مبتلا کردیا اور انہوں نے اس تشویش کے اظہار سوشل میڈیا پر خوب کیا۔

(جاری ہے)

صارفین نے پہلا سوال تو یہی پوچھا کہ آخر ہیڈن پاکستان کے ساتھ ہیں یا بھارت کے ساتھ۔ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ شاید آپ کو بھارتی بلے بازوں سے زیادہ پاکستانی بلے بازوں پر توجہ دینی چاہیے۔ ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ پاکستانی کوچ بھی بھارتی کھلاڑیوں کا مداح ہے تو دوسرے نے لکھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ راہول اور پنٹ کی تیاری کرکے آئیں اور امتحان میں روہت شرما آجائے۔

میتھیو ہیڈن نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ پاک بھارت میچ کا دباؤ بھی ویسا ہی ہوتا ہے جیسا آسٹریلین ہوتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف کھیلنے کا دباؤ ہوتا ہے تاہم یہ دباؤ اتنا ہی اثر کرتا ہے جتنا آپ اسے خود پر حاوی ہونے دیتے ہیں ،اس وقت جو موقع میسر ہے وہ تاریخ ساز موقع ہے، اور میں محسوس کررہا ہوں کہ ہمارے کھلاڑی اس موقع کے لیے تیار ہیں۔
وقت اشاعت : 22/10/2021 - 14:20:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :