ورلڈ کپ 2015 ء کی ٹرافی عالمی سفر کے دوران کراچی پہنچی ،گورنر ہاؤس میں رونمائی گورنر سندھ ٹرافی کو تھا ما ،تقریب میں انتخاب عالم ، جاوید میاں داد اور اعلیٰ حکام شریک

جمعرات 18 ستمبر 2014 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18ستمبر 2014ء) ورلڈ کپ 2015 ء کی ٹرافی عالمی سفر کے دوران جمعرات کو کراچی پہنچی جس کی گورنر ہاؤس میں رونمائی کی گئی اس موقع پر پاکستان کر کٹ بورڈ کے حکام ماضی کے عظیم کرکٹر ڈائریکٹر آپریشن انتخاب عالم ، جاوید میاں داد اور اعلیٰ حکام شریک تھے ۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبا دخان نے ورلڈ کپ کی ٹرافی کو تھامتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ ورلڈ کپ ٹرافی دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی رونمائی کی جارہی ہے پاکستان کے کرکٹ گراؤنڈز ایک عرصے سے عالمی ٹیموں کے منتظر ہیں عالمی ٹرافی کے پاکستان میں آنے سے مایوس پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا کھیل سب سے مقبو ل ترین ہے لیکن عالمی ٹیموں کا یہاں نہ آنا کرکٹ کے شائقین کے ساتھ نا انصافی کے متراد ف ہے کیونکہ کھیلوں کے فروغ سے مختلف ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے ۔

(جاری ہے)

اقوام عالم کو یکجا کرنے کے لئے کھیل وہ واحد ذریعہ ہے جو ایکدوسرے کو قریب لے کر آسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف مثبت اندا ز فکر اور سوچ پیدا کرتا ہے بلکہ اس کے ذریعے نظم و ضبط کا جو تصور پیش کیا جاتا ہے وہ شائقین کے لئے ایک نمونہ ہو تا ہے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان نے کر کٹ ، ہاکی اور اسکوا ش سمیت دیگر عالمی کھیلوں میں اپنے آپ کو منوایا ہے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ہمارے کھلاڑی ذاتی لگن سے نمایاں مقام حا صل کرکے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں ۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کی یہی خواہش ہے کہ پاکستا ن میں بھی بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد ہو تاکہ لوگوں کو مثبت تفریح کے مواقع میسر آسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جسے جیتنے کے لئے تمام ٹیم اپنی بہترین صلاحیتیوں کا بھرپور مظاہرہ کرینگی پاکستانی ٹیم بھی اس دوڑ میں شامل ہوگی جس نے بین الاقوامی ٹورنا منٹ میں ہمیشہ خودکو منوایا ہے امید ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ورلڈ کپ جیت کر عالمی کرکٹ کی بحالی کو ممکن بنائیں گے یہی ایک طریقہ ہے کہ ہم دنیا کی ٹیموں کو بتاسکیں کہ پابندیوں کے با وجود ہم پر عزم ہیں ۔

وقت اشاعت : 18/09/2014 - 21:40:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :