کبڈی ورلڈکپ اور ورلڈ کبڈی لیگ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کاتربیتی کیمپ شروع،

ڈی جی سپورٹس عثمان انور کی ہدایت پرپنجاب سٹیڈیم میں شروع ہونیوالے کیمپ کے پہلے روز 30کھلاڑیوں نے رپورٹ کی

پیر 22 ستمبر 2014 20:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرانتظام کبڈی ورلڈکپ اور ورلڈ کبڈی لیگ کیلئے تربیتی کیمپ شروع ہوگیا ۔پنجاب سٹیڈیم میں شروع ہونیوالے تربیتی کیمپ کے ابتدائی روز 30کھلاڑیوں نے رپورٹ کی ۔ چیف کوچ غلام عباس بٹ کی نگرانی میں کیمپ کے پہلے روز کھلاڑیوں نے پریکٹس بھی کی اور دوستانہ میچ بھی کھیلا۔ مجموعی طور 70کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں دعوت دی گئی ہے باقی کھلاڑی آج رپورٹ کرینگے،تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کے مابین پریکٹس میچزبھی کروائے جائیں گے اورانفرادی طور پر بھی ہرکھلاڑی کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا جائیگا جس کے بعد 5دسمبر سے شروع ہونیوالے عالمی کبڈی کپ کیلئے 35کھلاڑیوں کا پول منتخب کیا جائیگا۔

لاہور لائنز کبڈی ٹیم کی واپسی پر اپنے پیغام میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے کہاکہ ایک دن ہی پہلے وطن واپس لوٹنے والی ٹیم کے کھلاڑی اگلے دن تربیتی کیمپ میں پہنچ گئے ہیں یہ قومی کھلاڑیوں کے پروفیشنل ہونے کا واضح ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

عثمان انور نے کہاکہ پاکستان میں کبڈی کے حالات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں ، پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ میاں محمد شہباز شریف خود بھی کبڈی کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ کبڈی کا معیار بہتر ہورہا ہے۔

منیجر وقاص اکبر کے مطابق تربیتی کیمپ لگانے کا مقصد کھلاڑیوں کا پول بڑھانا ہے انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ جونیئرز کو بھی موقع دیا جائیگا، تاکہ قومی کبڈی ٹیم کا مناسب بیک اپ تیارکیا جاسکے۔چیف کوچ غلام عباس کا کہنا ہے کہ تربیتی کیمپ میں بہتر فارم اور فٹنس ثابت کرنیوالے کھلاڑیوں کو ورلڈ کبڈی لیگ کیلئے بھی لاہور لائنز ٹیم میں موقع دیا جائیگا ۔

وقت اشاعت : 22/09/2014 - 20:06:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :