محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کھیل کے قوانین کے مطابق نہیں  امپائر نے وارننگ جاری کر دی

حفیظ چاہیں تو بی سی سی آئی کی مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق کمیٹی سے مدد کی درخواست کرسکتے ہیں رپورٹ

اتوار 28 ستمبر 2014 16:36

بنگلور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 28ستمبر 2014ء) چیمپینز لیگ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی ٹیم لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے بارے میں امپائرز نے رپورٹ کردی ہے کہ وہ کھیل کے قوانین کے مطابق نہیں میڈیا رپور ٹ کے مطابق محمد حفیظ جو آف اسپن بولنگ کرتے ہیں چیمپینز لیگ میں لاہور لائنز اور ڈولفنز کے بنگلور میں کھیلے گئے میچ میں بولنگ کرتے ہوئے مشکوک ایکشن کی زد میں آئے جس کے بارے میں امپائرز کمار دھرنا سینا اور ونیت کلکرنی نے رپورٹ کی ۔

اسی میچ میں ڈولفنز کے بولر سبرائن کے بولنگ ایکشن کو بھی امپائرز نے قوانین کے برخلاف قرار دیا ہے۔محمد حفیظ لاہور لائنز کے دوسرے بولر ہیں جن کے بولنگ ایکشن پر چیمپینز لیگ میں اعتراض سامنے آیا ان سے قبل عدنان رسول کا بولنگ ایکشن بھی رپورٹ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق چیمپینز لیگ کی پالیسی کے مطابق محمد حفیظ کو وارننگ لسٹ میں رکھا گیا ہے اور وہ کھیل سکتے ہیں تاہم اگر ان کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں امپائرز نے دوبارہ رپورٹ کردی تو وہ اس ٹورنامنٹ اور بی سی سی آئی کے تحت ہونے والے کسی بھی میچ میں بولنگ نہیں کرسکیں گے۔

محمد حفیظ اگر چاہیں تو بی سی سی آئی کی مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق کمیٹی سے مدد کی درخواست کرسکتے ہیں یہ دوسرا موقع ہے کہ محمد حفیظ مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے ہیں۔جنوری 2005میں آسٹریلیا میں کھیلی گئی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف برسبین میں کھیلے گئے میچ میں امپائرز روڈی کرٹزن اور پیٹر پارکر نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کے بارے میں آئی سی سی کو رپورٹ کی تھی جس کے بعد انہیں اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے عمل سے گزرنا پڑا تھا

وقت اشاعت : 28/09/2014 - 16:36:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :