چیئرمین پی سی بی کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچز کے ناموں کا اعلان

سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو تمام فارمیٹس میں قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داری دے دی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 اپریل 2024 13:49

چیئرمین پی سی بی کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچز کے ناموں کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل 2024ء ) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچز کے ناموں کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق جنوبی افریقی کرکٹر گیری کرسٹن کو وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ اور سابق آسٹریلین فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو ریڈ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے جب کہ اظہر محمود تمام فارمیٹس میں قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔

اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج کی پریس کانفرنس قومی ٹیم کے کوچز سے متعلق ہے، اظہر محمود دونوں فارمیٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے، یہ وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ ٹیموں کو جوڑیں گے کیوں کہ ہم جیسن گلیسپی کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا کوچ لا رہے ہیں اور جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن قومی وائٹ بال ٹیم کے کوچ ہوں گے، ان غیر ملکی کھلاڑیوں کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں ہمارے پوٹینشل پر اعتماد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کا کام پیسے اکٹھے کرکے بینکوں میں جمع کرنا نہیں، امید ہے کہ ہم پاکستان کرکٹ کے لیے بہتر کریں گے، اسی طرح ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی لا رہے ہیں، ویمن کرکٹ کو برابری پر اوپر لائیں گے، فزیو تھراپسٹ کے لیے ڈیوائسز بھی منگوا لی ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ کرکٹ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے، 7 مئی کو ہماری انٹرنیشنل بڈ ہے، ایسی کمپنیاں ہوں گی جو انٹرنیشنل اسٹیڈیمز کا تجربہ رکھتی ہیں، ہم تاخیر کا شکار ہیں لیکن جلد از جلد کام مکمل کریں گے۔

فاسٹ بالر احسان اللہ کی انجری کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ احسان اللہ کے علاج کے حوالے سے شکایت ملی تھی، منگل بدھ تک پینل کی رپورٹ آجائے گی، ابھی اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا لیکن جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف ایکشن ہوگا ہمارے لیے سب کرکٹرز اہم ہیں، کل کوئٹہ قلات میں آندھی اور طوفان آیا جہاں لڑکے ٹیپ بال کرکٹ کھیل رہے تھے وہاں دیوار گرنے سے کھلاڑی زخمی ہوئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے ہم ان کا بھی علاج کرائیں گے۔
وقت اشاعت : 28/04/2024 - 13:49:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :